وارنر اور اسمتھ کو آفریقہ میں بہتر میزبانی کی اُمید

   

سڈنی ۔14 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر اور سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کو اُمید ہے کہ دورۂ جنوبی افریقہ کے موقع پر انھیں بیرونی ملک میں بہترین میزبانی کے علاوہ عزت بھی ملے گی ، کیونکہ یہ بال ٹمپرنگ اسکینڈل کے بعد پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کا دورہ کررہے ہیں۔ گزشتہ برس جب آسٹریلیائی ٹیم نے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا تو اُس وقت بال ٹمپرنگ کا تنازعہ منظرعام پر آیا تھا جس کی پاداش میں اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر ایک سال کی پابندی عائد کرنی پڑی تھی ۔ اس تنازع کے بعد دونوں ہی کھلاڑی پہلی مرتبہ اب جنوبی افریقہ کا دورہ کررہے ہیں۔ تنازع کے بعد پابندی سے واپسی کے بعد دونوں ہی کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرے کئے ہیں اور خاص کر ڈیوڈ وارنر نے آسٹریلیائی کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز ایلن بارڈر میڈل حاصل کیا جبکہ اس دوڑ میں اسمتھ ایک ووٹ کے فرق سے دوسرے مقام پر رہے۔ دونوں ہی کھلاڑیوں نے اُس تنازع کو پس پشت ڈالتے ہوئے ورلڈ کپ اور ایشز سیریز کیلئے انگلینڈ میں شاندار مظاہرے کئے اور وہاں بھی اُنھیں بہتر برتاؤ ہی ملا اور اُمید کی جارہی ہے کہ جنوبی افریقہ میں بھی کرکٹ شائقین ان کے ساتھ بہتر برتاؤ کریں گے ۔ جنوبی افریقہ ۔ آسٹریلیائی سیریز کا 21 فبروری کوٹوئنٹی 20 کرکٹ سے آغاز ہوگا۔