نئی دہلی۔ آسٹریلیائی اوپننر ڈیوڈ وارنر کی اہلیہ کینڈس نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر اس سال کے شروع میں سڈنی میں گھریلو شائقین کے سامنے ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہو سکتے تھے لیکن ان کے پاس ایشز میں اپنی ٹیم میں حصہ ادا کرنیکی خواہش اور بھوک ہے۔وارنرکا ٹسٹ کیریئر حالیہ دنوں میں زیربحث رہا ہے اور آسٹریلوی لیجنڈز سوال کر رہے ہیں کہ آیا 36 سالہ کھلاڑی اب بھی پلیئنگ الیون میں جگہ کے قابل ہے یا نہیں کیونکہ اوپنر کو میچوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔اوپنر کی ٹسٹ فارم 2022 سے تشویش کا باعث ہے، انہوں نے 14 میچوں میں 26.39 کی اوسط سے صرف 607 رنز بنائے، جس میں گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹسٹ میں ڈبل سنچری بھی شامل ہے جو انہوں نے اپنے 100 ویں ٹسٹ میں بنائی تھی ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ڈبل سنچری کے بعد وارنر نے 20 اننگز میں صرف دو بار50 رنزکا ہندسہ عبورکیا ہے۔وارنرکو بارڈر گواسکر ٹرافی سے باہر کردیا گیا، جہاں وہ صرف 1، 10 اور 15 کے اسکور کرپائے۔