وارنر نے ننھے مداح کو خوش کردیا

   


میلبورن ۔ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر نے انگلینڈ کے خلاف ونڈے میچ میں مداحوں کو دْگنی خوشی دے دی۔ میلبرن میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میچ میں پہلے ڈیوڈ وارنر نے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مداحوں کو خوش کیا پھر آوٹ ہونے کے بعد بھی وہ مداحوں کو خوش کر گئے۔آوٹ ہونے کے بعد گراونڈ سے جاتے ہوئے مداح آسٹریلوی بیٹر کی تعریف کے طور پر ان کے لیے کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے ہیں تو اسی دوران کئی مداح ڈیوڈ وارنر کو چھونے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔مداحوں کی محبت اور جذبات کو دیکھتے ہوئے ڈیوڈ وارنر فوراً ہی اپنے بیٹنگ گلوز ایک چھوٹے بچے کو دے دیتے ہیں۔اس موقع پر بچے کی خوشی دیدنی تھی جو حیران ہو کر دوڑتا ہوا اپنی ماں اور بھائی کے پاس چلا جاتا ہے۔ڈیوڈ وارنر کے گلوز ملنے کے بعد کم عمر مداح کی حیرانی کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔یادرہے کہ آسٹریلیا نے تیسرے ونڈے میں وارنر کی سنچری کی بدولت 355 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا اور حریف ٹیم کو 142 رنز تک محدود رکھا ۔بارش سے متاثرہ اس مقابلے میں میزبان ٹیم نے 221 رنز سے کامیابی حاصل کی ۔