نئی دہلی۔ 10مئی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کے 12 ویں ایڈیشن میں اب صرف فائنل باقی ہے اور ایسے میں سب سے زیادہ رنز کے لیے آرینج کیپ سن رائزرس حیدرآباد کے ڈیوڈ وارنر کو ملنا تقریبا طے ہو چکا ہے جبکہ سب سے زیادہ وکٹوں کے لئے دہلی کیپٹلس کے کیگسو ربادا کو چینائی سوپرکنگس کے عمران طاہر سے سخت چیلنج مل رہا ہے۔دہلی کیپٹلس اور چینائی سوپرکنگس کے درمیان جمعہ کو وشاکھاپٹنم میں دوسرا کوالیفائنگ ہوا ہے ۔ دہلی کیپٹلس نے پہلے ایلی منیٹر میں سن رائزرس حیدرآباد کو دلچسپ جدوجہد میں دو وکٹ سے شکست دی تھی۔ وارنر ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے آسٹریلیا لوٹ چکے ہیں جبکہ ربادا کو چوٹ کی وجہ سے جنوبی افریقہ لوٹنا پڑا ہے۔ وارنر نے آئی پی ایل 12 میں 12 میچ کھیلے اور 69.20 کے اوسط سے 692 رن بنائے جن میں ایک سنچری اور 8 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ربادا نے 12 میچوں میں 25 وکٹ لئے ہیں جبکہ طاہر 15 میچوں میں 23 وکٹ لے چکے ہیں۔ وارنر کو نزدیکی چیلنج دینے والے کنگز الیون پنجاب کے لوکیش راہل نے 14 میچوں میں 593 رن بنائے لیکن ان کی ٹیم پلے آف میں نہیں پہنچ پائی۔کولکتہ نائٹ رائڈرس کے آندرے رسل نے 510 رن بنائے لیکن ان کی ٹیم بھی پلے آف میں نہیں پہنچ سکی۔ دہلی کے شکھر دھون نے حیدرآباد کے خلاف اپنی اننگز کے دوران 500 رنز پورے کر لیے۔ شکھر کے 15 میچوں میں 503 رنز ہیں لیکن ان کے لیے وارنر تک پہنچنا بہت مشکل تھا۔ فائنل میں پہنچ چکی ممبئی انڈینس کے کوئنٹن ڈی کاک کے 15 میچوں میں 500 رنز ہیں لیکن ان کے لئے بھی وارنر سے نمٹنا بہت مشکل ہے لہذا تصویر کا رخ واضح ہوچکا ہے کہ ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ رنزبنانے کا ایوارڈ وارنر کو ہی ملے گا۔دہلی کو حیدرآباد کے خلاف شاندار 49 رن بنا کر جیت دلانے والے نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت نے اس سیزن میں 15 میچوں میں 450 رنز پورے کر لئے ہیں جبکہ دہلی کے کپتان شریس ایئر نے بھی 450 رنز پورے کر لئے ہیں۔ ایر اور پنت سب سے زیادہ رن بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔سب سے زیادہ وکٹوں کے لیے ملنے والی پرپل کیپ پر ربادا کا دعوی مضبوط ہے لیکن (تادم تحریر) ان کے اور طاہر کے درمیان صرف دو وکٹوں کا فاصلہ ہے۔ طاہر نے 15 میچوں میں 23 وکٹ لئے ہیں جبکہ ربادا کے 12 میچوں میں 25 وکٹ ہیں۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر راجستھان کے شریس گوپال ہیں جن کے 20 وکٹ ہیں۔ حیدرآباد کے خلیل احمد اور پنجاب کے محمد سمیع نے فی کس 19 وکٹ ہیں۔ وکٹ کیپنگ میں پنت کے سامنے کوئی چیلنج نہیں ہے۔ پنت نے اب تک وکٹ کے پیچھے 15 میچوں میں 24 شکار کئے ہیں جبکہ ممبئی کے کوئنٹن ڈی کاک نے 16 شکار اور دھونی نے 13 میچوں میں 13 شکار کئے ہیں۔