لندن۔28 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔ نیوزی لینڈ تیسرے مقام پر فائز ہے، پاکستان کیلئے اگر مگر کی صورتحال اب بھی برقرار ہے۔ افغانستان کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم کا موقف مستحکم ہو جائے گی۔ انگلینڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ میں کے 34 میچ مکمل ہو گئے، پوائنٹس ٹیبل کے مطابق آسٹریلیا 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ ہندوستان ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد تیسرے سے دوسرے نمبر پر آ گیا۔ اس کے 11پوائنٹس ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کا تیسرا مقام ہے۔ انگلینڈ چوتھے، بنگلہ دیش پانچویں، پاکستان چھٹے، سری لنکا ساتویں نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز کا آٹھواں، جنوبی افریقہ نویں اور افغانستان دسویں مقام پر ہے۔ بیٹنگ میں ڈیوڈ وارنر پانچ سو رنز کے ساتھ پہلے اور بولنگ میں مچل اسٹارک کا 19 وکٹوں کے ساتھ پہلا نمبر ہے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کیلئے اگر مگر کی کہانی اب بھی برقرار ہے۔
کوہلی نے سچن اور لارا کا ریکارڈ توڑدیا
لندن ۔28 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹار بیٹسمین ویراٹ کوہلی نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ کوہلی نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے 34 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 72 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے انٹرنیشنل میچز میں تیز ترین 20ہزار رنز بناکر سچن تنڈولکر اور برائن لارا کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے قبل کوہلی کو20 ہزار رنز مکمل کرنے کے لئے صرف 37 رنز درکار تھے۔ کوہلی نے 20ہزار رنز کا سنگ میل 417 اننگز میں عبور کیا جبکہ سچن اور برائن لارا دونوں نے 453 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ انٹرنیشنل میچز میں 20ہزار کا ہندسہ عبور کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ (464 اننگز)، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیولیئرز (483 اننگز)، جنوبی افریقہ ہی کے جیک کیلس ( 491 اننگز ) اور ہندوستان کے راہول ڈراویڈ ( 492اننگز) شامل ہیں۔