حیدرآباد24 اپریل ( سیاست نیوز ) عثمانیہ دواخانہ میں ایک وارڈ بوائے و نرس کی غلطی کی وجہ سے ایک مریض کو جو کورونا سے متاثر نہیں تھا گاندھی ہاسپٹل کے کورونا پازیٹیو وارڈ میں منتقل کردیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب ایک سرکاری ملازم ٹی وی سرینواس یشودھا ہاسپٹل سے رجوع ہوا تھا جسے پھیپھڑوں میں انفیکشن تھا اور امراض قلب کا بھی شکار تھا ۔ چونکہ مریض کو سانس لینے میں تکلیف تھی اسے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ وہاں ڈاکٹرس نے علامات دیکھنے کے بعد کہا کہ انہیں کورونا نہیں ہے اور انہیں نمس یا عثمانیہ جانے کا مشورہ دیا ۔ نمس میں انہیں داخلہ نہیں مل سکا تاہم عثمانیہ میں انہیں شریک رلیا گیا ۔ مریض کے نمونے بھی حاصل کئے گئے تاکہ ٹسٹ کیا جاسکے ۔ شام کے وقت میں عثمانیہ کے عملہ نے مریض ٹی وی سرینواس کو ایک دوسرے مریض اسماعیل کی کیس شیٹ کے ساتھ دوبارہ گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا ۔ وہاں عملہ نے سرینواس کو کورونا پازیٹیو وارڈ میں شریک بھی کرلیا ۔ تاہم بعد میں عثمانیہ دواخانہ کے عملہ کو اس غلطی سے واقف کروایا گیا ۔ عثمانیہ دواخانہ کے عملہ نے کورونا پازیٹیو اسماعیل کی رپورٹ ٹی وی سرینواس کے ساتھ بھیج دی تھی ۔ چونکہ اس وقت تک سرینواس کو کورونا پازیٹیو وارڈ میں شریک کردیا گیا تھا اس لئے انہیں ڈسچارج نہیں کیا گیا بلکہ آبزرویشن میں رکھا گیا ہے ۔