ممبئی۔29 جولائی (ایجنسیز) بالی ووڈ میں ایک اور بڑی فلمی پیشکش کی تیاریاں عروج پر ہیں، کیونکہ 2019 کی بلاک بسٹر فلم وار کا سیکوئل وار2 جلد پردے پر جلوہ گر ہونے والا ہے۔ اس فلم کو نہ صرف وائی آر ایف اسپائی یونیورس کا سب سے بڑا پروجیکٹ قرار دیا جا رہا ہے بلکہ اسے ہندوستان کی اب تک کی سب سے مہنگی فلم بھی کہا جا رہا ہے، جس کا اندازاً بجٹ 400 کروڑ سے تجاوز کرچکا ہے۔فلم میں ایک بار پھر ریتک روشن میجرکبیرکے کردار میں نظر آئیں گے اور اس فلم کے لیے انہوں نے 100 کروڑ کا معاوضہ حاصل کیا ہے، جو ان کی مقبولیت اور فلم سے جڑی توقعات کا مظہر ہے۔ تلگو سینما کے سوپراسٹار جونیئر این ٹی آر اس فلم کے ذریعے بالی ووڈ میں اپنا ڈیبیوکر رہے ہیں، اور انہوں نے70 کروڑ فیس وصول کی ہے، جو اس فلم کی کاسٹ کو مزید پْراثر بناتی ہے۔ کیارا اڈوانی بطور مرکزی اداکارہ 15کروڑ اور تجربہ کار اداکار انیل کپور 10 کروڑ میں فلم کا حصہ بنے ہیں۔ فلم کی ہدایتکاری ایان مکھرجی کے سپرد ہے، جنہوں نے فلم برہمستراکے بعد ایک بار پھر بڑے بجٹ والی فلم کی کمان سنبھالی ہے۔ ان کی فیس 30کروڑ ہے۔ صرف فلم کی کاسٹ اور عملے کی تنخواہیں ہی ملا کر 250 کروڑ سے زیادہ ہو چکی ہیں۔وار 2 کو ہندی کے ساتھ ساتھ تیلگو اور تمل زبانوں میں بھی ریلیزکیا جائے گا، اور فلم کا عالمی سطح پرآئی میکس میں بھی اجرا متوقع ہے۔ فلم کے ٹیزرز، بیک اسٹیج ویڈیوز اور جونیئر این ٹی آر کے مداحوں کی جانب سے آسمان میں این ٹی آر وار 2 لکھنے جیسے پرجوش اقدامات سے سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہو رہا ہے۔یہ فلم یومِ آزادی کے آس پاس ریلیزکی جائے گی اور ماہرین کے مطابق یہ باکس آفس پر نئے ریکارڈ قائم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔وار 2 نہ صرف ایک ہائی اوکٹین ایکشن فلم ہوگی بلکہ ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری والا ایک نیا باب بھی لکھے گی۔