وار 2 ، ڈولبی سنیما میں ریلیز ہونے والی ہندوستان کی پہلی فلم

   

ممبئی، 24 جولائی (آئی اے این ایس) ریتک روشن اور این ٹی آر جونیئرکی آنے والی ایکشن فلم ’وار 2‘ ہندوستان کی پہلی فلم بن گئی ہے جو ڈولبی سنیما میں ریلیز ہوگی۔ یہ پیش رفت ہندوستانی فلمی دنیا کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جو ناظرین کے سنیما تجربے کو ایک نئی بلندی پر لے جائے گی۔ فلم ’وار 2‘ ہندی اور تیلگو زبانوں میں نہ صرف ہندوستان بلکہ شمالی امریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت اور دنیا کے دیگر کئی ممالک میں ڈولبی سنیما میں ریلیز کی جائے گی۔ یش راج فلمز (وائی آر ایف) اور ڈولبی لیبارٹریز نے مل کر اس منفرد سینمائی تجربے کو ناظرین تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈولبی ویژن کی شفاف تصویر اور زبردست رنگوں کے ساتھ ساتھ ڈولبی ایٹموس کی دل میں اتر جانے والی آوازیں فلم بینوں کو ایک حقیقی اور مسحورکن دنیا میں لے جائیں گی۔ یش راج فلمز کے نائب صدر روہن ملہوترا نے کہا وائی آر ایف ہمیشہ سے سنیما کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کی کوشش میں پیش پیش رہا ہے۔ ہم 90 کی دہائی میں ڈولبی آڈیو اپنانے والے اولین اداروں میں سے تھے، بعد میں ڈولبی ایٹموس کو بھی اپنے بلاک بسٹرز میں شامل کیا۔ اب ہم ڈولبی سنیما کے ساتھ ایک نئے دور کا آغاز کررہے ہیں۔ وار 2‘کے ساتھ، ہم ناظرین کو ایک ایسا تجربہ دینے جا رہے ہیں جہاں ہر سین ڈولبی ویژن میں زیادہ جاندار اور ہر آواز ڈولبی ایٹموس میں زیادہ مؤثر محسوس ہو گی۔ ہندوستان میں فلم بین یہ ایکشن فلم اس انداز میں دیکھ سکیں گے جیسا فلم سازوں نے اسے تخلیق کیا ہے۔ ملک کا پہلا ڈولبی سنیما پونے کے سٹی پرائیڈ ملٹی پلیکس میں رواں ماہ کھولاگیا ہے۔ جلد ہی یہ تجربہ حیدرآباد، بنگلورو، تریچی، کوچی اور اولیککل جیسے شہروں تک بھی پہنچایا جائے گا۔ ڈولبی لیبارٹریز کے نائب صدر مائیکل آرچر نے کہا یش راج فلمزکے ساتھ ہماری شراکت کئی دہائیوں پر محیط ہے اور ہم وار 2 کے ذریعے اس رشتے کو ایک نئی بلندی پر لے جا رہے ہیں۔ یہ فلم ہندوستان اور بین الاقوامی سطح پر ڈولبی سنیما میں 14 اگست 2025 سے دستیاب ہوگی۔ یہ صرف ایک فلمی ریلیز نہیں، بلکہ ایک نئے دور کا آغاز ہے، جہاں ڈولبی ویژن اور ڈولبی ایٹموس کے ذریعے کہانی کو پوری شدت سے محسوس کیا جا سکے گا۔