وار 2 کی ناکامی کے بعد این ٹی آراسپائی فلم منسوخ

   

حیدرآباد ۔26 اگست (ایجنسیز) وار2کی غیر متوقع ناکامی نے یش راج فلمز (وائی آرایف) کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جس کے بعد اسٹوڈیوکو اپنے بہت زیادہ چرچے والے اسپائی یونیورس منصوبوں پر دوبارہ غورکرنا پڑ رہا ہے۔ ریتک روشن اور جونیئر این ٹی آرکی اس فلم کو باکس آفس پر ایک بڑا ایونٹ سمجھا جا رہا تھا، مگر ابتدائی دنوں میں بہترآغازکے باوجود یہ رفتار برقرار نہ رکھ سکی اور عالمی سطح پر300کروڑ روپے کمانے کے لیے بھی جدوجہدکرتی رہی۔ اب رپورٹس کے مطابق، وائی آرایف نے جونیئر این ٹی آرکے کردار ایجنٹ وکرم پر مبنی علیحدہ فلم بنانے کا ارادہ ترک کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وائی آرایف کے پاس جونیئر این ٹی آرکی آل انڈیا مقبولیت سے فائدہ اٹھانے اور ایجنٹ وکرم پر فلم بنانے کا منصوبہ تھا۔ تخلیقی ٹیم اس پراجیکٹ پر کام بھی کررہی تھی لیکن وار 2 کی ناکامی نے پورا منصوبہ روک دیا۔ انڈسٹری کے ذرائع نے مزید کہا ہے آدتیہ چوپڑا نے ایجنٹ وکرم فلم کو آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اب وہ اسپائی یونیورس کی سمت کو دوبارہ ترتیب دینے پر توجہ دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چوپڑا نے یہ فیصلہ براہِ راست جونیئر این ٹی آرکو بتایا، جنہوں نے بھی اس سے اتفاق کیا اور خوش اسلوبی کے ساتھ پروجیکٹ سے الگ ہوئے۔ایجنٹ وکرم فلم اب ممکنہ منصوبہ نہیں رہا، اورآدی نے یہی بات جونیئر این ٹی آرکو بتائی۔ مین آف ماسز نے بھی آدی کی رائے سے اتفاق کیا اور پروڈکشن ہاؤس سے دوستانہ ماحول میں الگ ہوئے۔ یہ بات اس لیے بھی اہم ہے کہ جونیئر این ٹی آرکی جانب سے وار2 قبولکرنے کی ایک بڑی شرط یہ علیحدہ فلم ہی تھی۔تاہم توقعات کے برعکس وار 2 چند دنوں کے بعد ہی تیزی سے گرگئی۔ فلم نے اپنے بارہویں دن محض1.01کروڑ روپے کمائے، جو افتتاحی دن کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس کی ہندوستان میں کل کمائی223.01 کروڑ روپے تک پہنچی۔فلم اپنی تھیٹر رن کے بعد نیٹ فلکس پر ریلیزکی جائے گی، اگرچہ او ٹی ٹی کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں ہوا۔ عموماً بالی ووڈ کی بڑی فلمیں ریلیز کے چھ سے آٹھ ہفتوں بعد اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر آتی ہیں۔