وار2 میں سلمان اور شاہ رخ خان کا مہمان کردار !

   

حیدرآباد ۔ ایان مکھرجی کے ڈائرکشن میں بن رہی ایکشن تھرلرفلم ’’ وار 2 ‘‘ کے دوسرے مرحلے کی شوٹنگ کا 18 اگست سے ممبئی کے مختلف مقامات پر آغاز ہوگا جس میں رتیک روشن کے ساتھ تلگو فلموں کے سوپر اسٹار جونیر این ٹی آر بھی حصہ لیں گے۔ اسپانی یونیورس سیریز کے تحت بننے والی یش راج فلمس کی اس فلم کو آدتیہ چوپڑہ اور سریدھر راگھوان نے لکھا ہے ۔ یہ فلم 2019 ء میں ریلیز ہوئی ریتک روشن ٹائیگر شراوف کی فلم ’’ وار ‘‘ کا سیکوئیل ہوگی جہاں فلم وارکو 170کروڑ میں بنایا گیا تھا وہیں اب یش راج وار2 پر 200کروڑکا بجٹ لگا رہے ہیں۔ فلم میں رتیک روشن میجر کبیر دھلیوال کا ہی کردار نبھا رہے ہیں وہیں جونیر ٹی آر ، کیارا اڈوانی ، آشوتوش رانا ، جان ابراہام اور انیل کپور کے کرداروں کو راز میں رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یش راج فلم سے متعلق ایک اور دھماکہ اس وقت کرنے والے ہیں جب فلم تکمیل کے مراحل میں ہوگی یا اس کے ریلیز سے عین قبل۔ با وثوق ذرائع کے مطابق اس فلم میں سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی مہمان کردار میں دکھائی دیں گے۔ پروڈیوسر آدتیہ چوپڑہ کے مطابق وہ اپنی اس فلم کو14 اگست 2025 کو ریلیزکرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ یادرہے کہ جونیر این ٹی آر نے حال ہی میں اپنی تلگو فلم دیوارا کی شوٹنگ حیدرآباد میں مکمل کی ہے ۔ کورٹلہ شیوا کے ڈائرکشن میں بن رہی اس ایکشن فلم میں جہانوی کپور ہیروئین کا کردار نبھا رہی ہیں اور وہ اس فلم کے ذریعہ اپنے جنوبی فلموں کے کرئیر کا آغاز کریں گی۔
کک2 کی تیاریاں زور وشور سے جاری
ممبئی ۔ سلمان خان کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے جو گزشتہ 10 سالوں سے سلمان خان کی فلم کک کے سیکوئل کا انتظار کر رہے ہیں۔ اب انتظار ختم ہونے والا ہے فلم بنانے والوں نے تیاریاں کر لی ہیں۔ سلمان ایک بار پھر دیوی لال سنگھ کے طور پر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ ہدایت کار ساجد ناڈیاڈوالا کِک 2 کو بڑے پردے پر لانے کے لیے بے چین ہیں۔ ساجد فلم کے اسکرپٹ پر سخت محنت کر رہے ہیں ۔