حضورآباد کے بجائے اختیار کردہ گائوں سے اسکیم کا آغاز، چیف منسٹر کے فیصلے پر سیاسی حلقوں کا اظہار حیرت
حیدرآباد: 5 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے دلت بندھو اسکیم کے سلسلہ میں حیرت انگیز فیصلہ کرکے بھونگیر کے واسالہ مری دیہات سے اسکیم کے آغاز کا اعلان کردیا۔ چیف منسٹر 16 اگست کو حضورآباد میں اسکیم کا رسمی طور پر آغاز کرنے والے تھے اور حکومت کے فیصلے کے مطابق پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر اسکیم کا حضورآباد سے آغاز ہونا طے کیا گیا تھا۔ چیف منسٹر نے ترقی کیلئے اڈاپٹ کردہ واسالہ مری گائوں کا کل دورہ کیا اور وہیں پر اعلان کردیا کہ اسکیم کا آغاز جمعرات سے اسی گائوں میں ہوگا۔ چیف منسٹر کے اعلان کے مطابق نہ صرف سرکاری احکامات جاری کردیئے گئے بلکہ گائوں کے 76 دلت خاندانوں کیلئے فی کس 10 لاکھ روپئے کے حساب سے 7.60 کروڑ کا بجٹ جاری کردیا گیا۔ چیف منسٹر نے 76 مستحق خاندانوں کے بینک اکائونٹ میں 10 لاکھ روپئے کی فوری منتقلی کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر کے اس اچانک اقدام نے نہ صرف اپوزیشن بلکہ خود ٹی آر ایس قائدین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکیم کے آغاز کے مقام اور تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ کے سی آر نے اپنے طور پر کیا ہے اور اس سلسلہ میں کسی سے مشاورت تک نہیں کی گئی۔ دراصل 16 اگست کو حضور آباد سے اسکیم کے آغاز کی صورت میں اپوزیشن کی جانب سے تنقیدیں کی جارہی تھیں کہ انتخابی فائدے کے لیے حضورآباد کا انتخاب کیا گیا۔ یہ معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن کی جانب سے کسی بھی وقت الیکشن شیڈول کی اجرائی کے امکانات ہیں لہٰذا شیڈول کی اجرائی کے بعد حضورآباد میں کوئی بھی نئی اسکیم شروع نہیں کی جاسکتی۔ لہٰذا چیف منسٹر نے اپنے اڈاپٹ کردہ دیہات سے اسکیم کا آغاز کردیا۔ واسالہ مری میں جشن کا ماحول ہے اور دلت خاندانوں نے کے سی آر کی تصویر کو دودھ سے نہلایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 10 لاکھ روپئے کی خطیر رقم کے لیے کے سی آر کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کی واسالہ مری سے حیدرآباد واپسی کے بعد راتوں رات نہ صرف جی او تیار کیا گیا بلکہ صبح تک بینک اکائونٹس میں رقم جمع کردی گئی۔ چیف منسٹر نے 11 بجے دن اکائونٹ میں رقم جمع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ چیف منسٹر نے دلت خاندانوں کو مشورہ دیا کہ وہ 10 لاکھ روپئے کا بہتر استعمال کریں اور سارا خاندان خودمکتفی ہوجائے۔ انہوں نے اس رقم سے زراعت میں توسیع یا پھر کوئی نیا کاروبار شروع کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ چھ ماہ بعد دوبارہ واسالہ مری کا دورہ کریں گے اور 10 لاکھ روپئے کے خرچ کا جائزہ لیں گے۔