راجکوٹ، 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ارپت واسودا (106) کی شاندار سنچری اور ہندستانی ٹسٹ بلے باز چتیشور پجارا (66) کی نصف سنچری کی بدولت سوراشٹر نے بنگال کے خلاف رنجی ٹرافی فائنل کے دوسرے دن منگل کو آٹھ وکٹ پر 384 رن بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔سوراشٹر نے پانچ وکٹ پر 206 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ واسودا نے 29 رن سے آگے کھیلتے ہوئے مسلسل دوسری سنچری بنائی۔ واسودا نے سیمی فائنل میں بھی سنچری بنائی تھی۔ واسودا نے 287 گیندوں پر 106 رنز میں 11 چوکے لگائے ۔ پجارا کل ڈی ھائڈریشن اور بخار کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے تھے لیکن آج انہوں نے صبح واسودا کے ساتھ اننگ آگے بڑھائی اور فرسٹ کلاس کی 60 ویں نصف سنچری بنائی۔ پجارا کل 24 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے پانچ رنز بنا کر ریٹائر ہوئے تھے ۔ پجارا نے 237 گیندوں پر 66 رن میں پانچ چوکے لگائے ۔واسودا اور پجارا نے چھٹے وکٹ کے لئے 142 رن کی اہم شراکت کی۔ واسودا کو شہباز احمد نے وکٹ کیپر ردھمان ساہا کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ واسودا کے آؤٹ ہونے کے 10 رن بعد پجارا بھی آؤٹ ہو گئے ۔ پجارا کا وکٹ مکیش کمار نے لیا۔ مکیش نے پریرک مانکڈ کو بھی آؤٹ کیا۔ اسٹمپ پر چراغ جانی 13 اور دھرمیندر سنگھ جڈیجہ 13 رنز بنا کر کریز پر تھے ۔بنگال کی جانب سے آکاش دیپ نے 77 رن پر تین وکٹ لئے جبکہ مکیش کمار نے 83 رن پر دو وکٹ، شہباز احمد نے 103 رن پر دو وکٹ اور ایشان پوریل اور شہباز نے 51 رن پر ایک وکٹ لیا۔