واسو صراف اور بابی نقوی کو ایوارڈس

   

دوبئی : انڈین کانسلیٹ دبئی اورورٹیکس اوینٹس نے دبئی کے شیخ راشد آڈیٹوریم میں’جشنِ ہندوستان‘ کاانعقاد کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں دبئی میں رہنے والے ہندوستانیوں نے شرکت کی اوربڑی عقیدت اورجوش وخروش کے ساتھ منایاگیاآزادی کا75واں امرت مہوتسو کے موقع پر ایک عالمی مشاعرے کابھی انعقاد کیاگیا جس میں ہندوستان،پاکستان،یواے ای، اورمصر سے آئے ہوئے شاعروں نے شرکت فرمائی،اس موقع پر جناب واسو صراف صاحب چیئرمین DPSاورانڈین ہائی اسکول دبئی کو ان کے تعلیمی فروغ کے لئے بیگم امیرحیدر ایوارڈ فارایجوکیشن2023سے نوازاگیا،جبکہ جناب بابی نقوی صاحب سینئر صحافی کوصحافت میں ان کی اہم کارکردگی کے لئے عظمیٰ حیدر ایوارڈ فار جرنلزم 2023 سے نوازاگیا۔مشاعرہ ایک ادبی او ر شعری تربیت گاہ ہے ، اس سے صرف شاعری کی فہم ہی پیدا نہیں ہوتی بلکہ ایک سلیقہ مندی بھی آتی ہے جو زندگی کا شعور پیدا کرتی ہے اور یہی شعور قومی یکجہتی کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ مشاعرے وقت کی اہم ضرورت ہیں، آج کل لوگوں کے پاس اچھی اردو سننے اور سیکھنے کا وقت نہیں ہے، ایسے ماحول میں چند گھنٹوں کیلئے منعقد مشاعرے اردو کی خدمت کے ساتھ ساتھ لوگوں کے ذہنی سکون کا بھی ذریعہ بنتے ہیں۔ مشاعروں نے اردو زبان اور تہذیب کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔مشاعروں اور اردو شاعری کے توسط سے اس وقت اردو جاننے والوں اور شاعری سے دلچسپی لینے والوں کا ایک نیاسلسلہ نظر آرہا ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہارمہمانِ خصوصی امن پوری صاحب کانسلیٹ جنرل آف انڈیانے دبئی جشن ہندوستان کے شاندار مشاعرہ میں کیا۔ دبئی کے شیخ راشد آڈیٹوریم میں منعقدہ عالمی مشاعرہ جشن ہندوستان میں دنیائے اردوکے ممتاز شعرا و شاعرات کو مدعو کیا گیا جن میں صدر مشاعرہ منظر بھو پالی (ہندوستان)عباس تابش (پاکستان) اقبال اشہر ( ہندستان) جوہر کانپوری (ہندستان) قیصر وجدی ( پاکستان) محترمہ شبینہ ادیب (ہندوستان) محشر آفریدی (ہندوستان) عرفان اظہار ( دبئی) محترمہ ولاء جمال (مصر) امان حیدر ( ہندوستان) اور ہندو پاک کے سامعین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔