واشم۔ 13 مئی (ایجنسیز) مہاراشٹر کے ضلع واشم کے پٹنی چوک علاقہ میں اتوار کی دیر رات دو گروپوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی، جس کے دوران شدید پتھراؤ کے واقعات پیش آئے۔ اس تصادم میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ پتھراؤ کا دائرہ پٹنی چوک سے نکل کر بگوان پورہ، ڈنڈے چوک اور گنیش پیٹھ جیسے علاقوں تک پھیل گیا۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً رات 11 بجے کچھ شرپسند عناصر نے گھروں اور سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا، جس سے خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی۔ واقعے کی خبر ملتے ہی پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ انوج تارے نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیا جائے اور شہر میں امن و امان قائم رکھنے میں تعاون کیا جائے۔ فی الحال پورے علاقے میں بھاری پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے اور رات بھر گشت کا عمل جاری ہے۔ زخمی افراد کو فوری طور پر ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس انتظامیہ نے حالات کو مکمل طور پر قابو میں بتایا ہے، تاہم احتیاط کے طور پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔ یہ واقعہ اس سال مہاراشٹر میں ہونے والے فرقہ وارانہ واقعات کی ایک اور کڑی ہے۔ اس سے قبل مارچ میں ناگپور کے محل علاقہ میں بھی دو گروپوں میں تصادم ہوا تھا جس میں فسادیوں نے گاڑیوں کو نذر آتش کیا اور شدید توڑ پھوڑ کی۔ جنوری میں نندوربار ضلع میں بھی معمولی تصادم کے بعد پتھراؤ اور آتش زنی ہوئی تھی، جس میں پولیس کو سخت کارروائی کرنا پڑی تھی۔ واشم کا واقعہ ایک بار پھر اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔