واشنگٹن میں شامی سفارت خانہ میں شامی پرچم بلند

   

واشنگٹن۔ 20 ستمبر (یو این آئی) شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے واشنگٹن ڈی سی میں شامی سفارت خانے پر ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد پہلی بار شامی پرچم کو سر بلند کیا۔ جسے شامی-امریکیوں اور الشیبانی نے ایک ‘تاریخی’ لمحہ قرار دیا۔ یہ واقعہ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے نو ماہ بعد پیش آیا۔ الشیبانی نے تقریب کے بعد انادولو ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا، “یقیناً یہ ایک تاریخی لمحہ ہے ،” اور مزید کہا کہ یہ شامی عوام کی 14 سالہ خانہ جنگی کے دوران جدوجہد کی علامت ہے ۔

ٹرمپ کا الہان عمر کو برطرف کرنے کا مطالبہ
واشنگٹن۔ 20 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ڈیموکریٹک نمائندہ الہان عمر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا مواخذہ کرکے کانگریس سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں موجود صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ”میرے خیال میں ان کا مواخذہ کیا جانا چاہیے ، میرے خیال میں وہ خوفناک ہیں اگر اس کی مذمت کی گئی تو یہ بہت اچھا ہے ۔ اگر اس کا مواخذہ کیا گیا تو یہ اور بھی بہتر ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے بغیر کسی وجہ کے دو بار میرا مواخذہ کیا… اس کا مواخذہ کیا جانا چاہئے اور اسے جلد ہونا چاہئے ۔ امریکی صدرٹرمپ نے الہان عمرکی صومالی نژاد شناخت پر بھی تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کچھ نہ رکھنے والے ملک سے آتے ہیں اور ہمیں چلانا سکھاتے ہیں۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر صومالیہ کو بدعنوان اور بدحال ملک قرار دیا۔ ایوان نمائندگان نے ایک روز پہلے الہان عمر کے خلاف قرارداد مسترد کر دی تھی۔