ٹرمپ ممدانی کی مدد کرنے تیار
واشنگٹن، 6 نومبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ نیویارک کے نئے منتخب میئر ظہران ممدانی کی مدد کرنے کیلئے تیار ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اس سوشلسٹ رہنما کو کامیابی کیلئے واشنگٹن کے ساتھ ‘احترام’ کا رویہ اپنانا ہوگا۔ ٹرمپ نے یہ بیان اُس وقت دیا جب ممدانی نے اپنی تاریخی کامیابی کے بعد، امریکہ کے سب سے بڑے شہر کے پہلے مسلم اور پہلے جنوبی ایشیائی نژاد میئر کے طور پر اپنی ٹرانزیشن ٹیم کا اعلان کیا۔ ممدانی کی فتح کی رات کی تقریر میں ٹرمپ کے مقابل ڈٹنے کے عزم کے جواب میں امریکی صدر نے ان کے بیانات کو ‘خطرناک’ قرار دیا۔ ٹرمپ نے ‘فاکس نیوز’ کے بریٹ بیئر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ‘انہیں واشنگٹن کے ساتھ تھوڑا سا احترام سے پیش آنا ہوگا، کیونکہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ان کے کامیاب ہونے کے امکانات نہیں رہیں گے ‘۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ وہ کامیاب ہوں، میں چاہتا ہوں کہ شہر کامیاب ہو، تاہم انہوں نے فوراً وضاحت کی کہ ان کا مطلب ممدانی نہیں بلکہ نیویارک سٹی کی کامیابی ہے ۔ چہارشنبہ کے اوائل میں، ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ نئے میئر کی ‘مدد کرے گی’، اگرچہ انہوں نے ممدانی کو ‘کمیونسٹ’ بھی قرار دیا۔ ٹرمپ نے میامی، فلوریڈا میں امریکن بزنس فورم سے خطاب میں کہا تھا کہ ‘کمیونسٹوں، مارکسسٹوں اور گلوبلسٹوں کو موقع ملا تھا، لیکن انہوں نے تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، اب دیکھتے ہیں کہ نیویارک میں ایک کمیونسٹ کیا کرتا ہے ، ہم دیکھیں گے کہ یہ تجربہ کیسے کام کرتا ہے ‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم اس کی مدد کریں گے ، ہاں ہم کریں گے ، ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک کامیاب ہو، ہم شاید تھوڑی بہت مدد کریں گے ‘۔