کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی معراج النبی کانفرنس ، علامہ سید محمد حسینی اشرف اشرفی الجیلانی ، علامہ سید عادل رضا قادری و دیگر کے خطابات
حیدرآباد۔ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی رہبری کیلئے انبیاء کو مبعوث فرمایا اور ہر نبی کو معجزات عطا کئے ہیں لیکن ہمارے نبی و آقا محمد عربی ﷺکو سراپا معجزہ بناکر بھیجا ۔اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کو الگ الگ معجزات عطا کئے لیکن جس شان و شوکت کے معجزات نبی مکرم ﷺ کو عطا کئے گئے اس کی مثال بھی نا ممکن ہے ۔ نبی پاک ﷺ کا چلنا پھرنا معجزہ ، مسکرانا معجزہ ، آپ کا انگلی اُٹھانا معجزہ ، آپ کا حکم کرنا معجزہ غرض آپ کی ہر ہر ادا معجزہ ہے ۔ جو نبی پاک ﷺ کو مانتے ہیں وہی ان معجزات پر یقین رکھتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی معراج النبی ﷺ کانفرنس منعقدہ 11/ مارچ 2021ء گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ سے انگلینڈ کے مہمان مقرر ‘ شہزادہ حضور غوث الاعظم ؓ حضرت العلامہ سید محمد حسینی اشرف اشرفی الجیلانی (بانی جامعۃ الصوفیہ ، انگلینڈ) نے کیا ۔ کانفرنس کی قیادت مولانا سید محمد رفیع الدین حسینی رضوی قادری شرفی ( شرفی چمن ) ، سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی اور نگرانی محمد شوکت علی صوفی (صحافی) نے کی ۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی (ایڈوکیٹ ) نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) نے مہمان مقررین کا پرجوش استقبال کیا ۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری صلاح الدین جاوید کی قرأ ت سے ہوا ۔ بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں مہمان نعت خواں محمد عادل اشرفی ( ممبئی ) اور محمد داؤد قادری اشرفی نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ مدھیہ پردیش کے مہمان مقرر حضرت العلامہ سید عادل رضا قادری (خانقاہ عالیہ قادریہ خلیفیہ دیوسر ، مدھیہ پردیش ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج مسلمان دولت ، عیش و عشرت ، شان و شوکت کے پیچھے بھاگ رہے ہیں ، نبی پاک ﷺ نے اسلام کے ذریعہ ساری انسانیت کو اخوت بھائی چارگی اور یکسانیت کا درس دیا کائناتِ عالم میں اس طرح کا درس کہیں نہیں ملتا ۔ یہی وجہ ہے کہ مغرب کے عظیم اسکالرس اسلام کی طرف راغب ہورہے ہیں ، لیکن مسلمان ہیں کہ انہیں مال و دولت کی لالچ نے تباہ کرڈالا ہے۔ مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی قادری نے کہا کہ واقعہ معراج قبل فخر معجزہ ہے یہی واقعہ معراج ہے جس میں امت ِ مسلمہ کو نماز کا تحفہ ملا ۔ علامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی ، مولانا حافظ و قاری محمد اقبال احمد رضوی القادری نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا ۔ مہمانانِ خصوصی ڈاکٹر حیدر یمنی ، ڈاکٹر عبدالرحمن خان ، محمد عظیم (ایڈوکیٹ) الحاج خواجـہ صدر الدین احمد قادری ( سراج ) ، محمد عبدالنجیب (کاشف)نے شرکت کی ۔ محمد عبدالکریم رضوی نے صلوٰۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا ۔ آخر میں مہمان مقرر کی دعاء پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔ محمد عادل اشرفی ، محمد عبدالمنان عارف ، قادر خان قادری ، سید لئیق قادری ، سید طاہر حسین قادری محمد عبید اللہ سعدی قادری شرفی نے انتظامات کئے ۔