سداسیوپیٹ میں ایم ایس اسکول کا اخلاق شو پروگرام، چیرمین محمد لطیف خاں کا خطاب
سداسیوپیٹ۔ 7 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر سداسیوپیٹ کے درگا فنکشن ہال میں ایم ایس اسکول کی جانب سے اخلاق شو کے عنوان سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔طلبہ و طالبات کے لیے ہر سال کی طرح معلوماتی پروگرام منعقد کرتے ہوئے طلباء میں حوصلہ پیدا کرنے کے لیے یہ پروگرام ترتیب دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر طلبا اور طالبات نے مختلف اسٹائلز میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بہترین انداز میں مظاہرے پیش کیے۔ مختلف موضوعات پر طلباء و طالبات نے ڈرامے پیش کیے۔اور کئی طلبا اور طالبات سماجی دینی اور اخلاقی عنوان پر بہترین تقریریں کیں۔اولیاء طلبہ اور شہر کے معززین نے اس پروگرام میں شرکت کرکے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔اس موقع پر حیدرآباد سے تشریف لائے ایم ایس ایجوکیشنل اکیڈمی کے چیئرمین محمد لطیف خان نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی آئندہ پانچ سالوں میں 20 سالوں سے زیادہ ترقی کرنے والی ہے۔اسی وجہ سے اسکول انتظامیہ کو دور اندیشی سے کام کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے طلبہ کے والدین سے بھی کہا کہ وہ اپنے بچوں سے ایک دوست کی مانند برتاؤ کریں۔اور روزانہ کم سے کم 20 منٹ اپنے بچوں کے لیے وقف کریں۔ آج کے دور میں مسلمانوں کو تعلیم پر اپنا پیسہ خرچ کرنے کی ضرورت بن گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کو موبائل فون سے دور رکھیں اور خود بھی زیادہ سے زیادہ وقت موبائل فون کا استعمال نہ کرنے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر مفتی اسلم سلطان قاسمی چیئرمین ایم ایس اسکول شاخ سداسیوپیٹ ، اسکول ڈائریکٹرز محمد ہاشم ، محمد قطب الدین ، ہارون صوفی اور مقصود احمد کے علاوہ اولیائے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔