سنگاریڈی کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں نارکوٹکس کا جائزہ اجلاس ، ایڈیشنل ایس پی کا خطاب
سنگا ریڈی ۔5نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی ضلع ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر پدمجارانی نے ضلع میں منشیات کی حمل و نقل اور استعمال کو روکنے کے لیے سب سے مل کر کام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں منعقدہ نارکوٹکس کنٹرول اقدامات کے جائزہ اجلاس میں شرکت اور خطاب کیا۔ اس میٹنگ میں ضلع کے ایڈیشنل ایس پی رگھونندن، محکمہ ایکسائز کے افسران، صحت، تعلیم، پولیس اور دیگر محکموں کے ضلعی سطح کے افسران کے ساتھ ساتھ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ضلع میں منشیات کی حمل و نقل اور استعمال کے حالات، ان کے اثرات اور کنٹرول کرنے کے اقدامات پر طویل روشنی ڈالی گئی ۔اس موقع پر ڈی آر او نے کہا منشیات کی حمل و نقل اور استعمال ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں کو ذمہ داری سے کام کرنا چاہئے نہ کہ برائے نام۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور طلباء کی زندگیوں کو تباہ کرنے والی منشیات کی حمل و نقل اور استعمال کی روک تھام کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کی لت کو روکنے کے لیے سکولوں اور کالجوں میں بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ والدین، اساتذہ اور طلباء کو نشے کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت دیا کہ محکمہ ایکسائز اور محکمہ صحت مشترکہ طور پر مشاورتی مراکز اور بحالی کے پروگرام شروع کریں اور محکمہ پولیس مشکوک علاقوں میں نگرانی بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے لیے بہت بڑا خطرہ بننے والی منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو باہمی تعاون سے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے تجویز دی کہ نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کے مضر اثرات سے آگاہی کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں میں نہ صرف انسداد منشیات کلب قائم کیے جائیں بلکہ ان کے موثر کام کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ڈی ای او وینکٹیشورلو اور متعلقہ محکموں کے عہدیداروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔