والدین اپنی اولاد کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں

   

کاماریڈی کے تاڑوائی میں جمعیۃ علماء کا اجلاس، مولانا محمد ایوب و دیگر کا خطاب
کاماریڈی :22؍ دسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)قرآن مقدس کی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے اپنے بچوں کو مکتب، مدرسہ بلاناغہ بھیجنے کی سعی کریں، علم دین حاصل کرنا ہر مسلمان مردو عورت پر فرض ہے، ہم اپنے بچوں کو بچپن ہی سے اسلامی تربیت دیں گے تو بڑے ہو کر شریعت پر عمل کرنا انہیں آسان ہوگا، بچپن میں جو قرآن و سنت کی تعلیم حاصل کرتے ہیں عقائد صحیح سیکھتے ہیں تو ایمان پر مضبوطی سے قائم رہ سکتے ہیں، آج لوگ دنیاوی تعلیم پر جتنی فکر و کوشش اور رقم صرف کرتے ہیں، اس کے مقابلے میں دینی تعلیم و اسلامی تربیت کیلئے نہیں کرتے، جمعیۃ علماء منڈل تاڑوائی ولنگم پیٹ کے زیراہتمام مولانا محمد ایوب صدر جمعیۃ علماء منڈل تاڑوائی کی صدارت میں جامع مسجد تاڑوائی میں منعقدہ ذمہ داران جمعیۃ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نظرالحق قاسمی صدر منڈل جمعیۃ علماء کاما ریڈی نے ان خیالات کا اظہار کیا، جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے حافظ محمد فہیم الدین منیری صدر جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی نے کہا کہ ہم اپنے ایمان کو مضبوط کریں، ایمان مضبوط ہوگا تو عمل کرنا آسان ہوگا، ایمان کی پختگی کیلئے صحیح علم کا حاصل کرنا اور علماء اور صلحاء اور اچھے لوگوں کی صحبت اختیار کرنا ضروری ہے، اعمال کی قبولیت بھی ایمان کے ساتھ مشروط ہے نیت کا خالص ہونا بھی ضروری ہے، ہر آدمی سے اس کے اپنے ماتحتوں کے تعلق سے پوچھا جائے گا، لہذا ہم اپنی بستی کے ایک ایک فرد کی ایمان و عمل صالح کی فکر کریں، مساجد میں حلقے لگائیں، آنے والی جماعتوں سے سیکھیں، بچوں کو پابندی کے ساتھ مکتب بھیجیں، ماہانہ جائزہ اجلاس کے ذریعے مکتب میں پڑھنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں، برادران وطن کے ساتھ خوشگوار تعلق اپنائیں، پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ کو سمجھیں، اور خود بھی عمل کریں، بھائی چارہ امن پیار و محبت کا ماحول قائم ہوگا، مساجد اور مسلمانوں کی املاک کی حفاظت کیلئے حصار بندی اور کاغذات کی درستگی کی جانب منڈل سطح پر فکر و کوشش کریں، میر فاروق علی خازن جمعیۃ علماء کاماریڈی نے ضرورتمندوں کی بر وقت مدد کرنے کی ترغیب دی، صدور وائمہ مساجد کے علاوہ ذمہ داران جمعیۃ نے اس اجلاس میں شرکت کی، حافظ سعود امام وخطیب جامع مسجد تاڑوائی نے شکریہ ادا کیا۔