سری نگر، 21 دسمبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو پلس پولیو مہم کے موقع پر والدین کو زور دیا ہے کہ وہ 5 سال کی عمر کے تمام بچوں کو قریبی پولیو مراکز پر پولیو کے قطرے پلوائیں۔انہوں نے پولیو سے پاک جموں و کشمیرکے لئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے محکمہ صحت کے عملے اور رضاکاروں کی انتھک خدمات کو سراہا جو بچوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی آج یعنی اتوار کو پلس پولیو دن منایا جا رہا ہے اور سری نگر میں 686 پلس پولیو بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ آج پلس پولیو مہم کے موقع پر، وزیر اعلیٰ نے والدین پر زور دیا کہ وہ 5 سال کی عمر کے ہر بچے کو قریب ترین بوتھ پر پولیو کے قطرے پلائیں۔پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ پولیو سے پاک جموں و کشمیر کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ، انہوں نے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں انتھک کوششوں کیلئے ہیلتھ ورکرز اور رضاکاروں کی لگن کی تعریف کی۔
