والدین کی دیکھ بھال میں ناکامی قانونی جرم

   


پداپلی میں عالمی یوم معمرین پروگرام سے ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا کا خطاب

پداپلی۔ 2؍اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ضلع ایڈیشنل کلکٹر پداپلی لکشمی نارائنا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑھاپے میں والدین کی دیکھ بھال بچوں کی ذمہ داری ہے۔ بروز ہفتہ یکم اکتوبرکلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ’’بدلتی دنیا کے ساتھ معمرین کو ابھرنے کی قوت کی فراہمی ” تھیم سے منعقدہ عالمی یوم معمرین تقریب میں ضلع ایڈیشنل کلکٹر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بچوں کو اپنے والدین کے تئیں ذمہ دار ہونا چاہئے اور بڑھاپے میں والدین کی اچھی طرح دیکھ بھال ضروری ہے۔ ان کی غذا کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ والدین کے تحفظ کے لئے خصوصی قانون کی تشکیل انتہائی بد قسمتی کی علامت ہے۔ ضلع ایڈیشنل کلکٹر نے مزید کہا کہ بچوں کو چاہئے کہ وہ اپنے والدین کی کم ازکم ضروریات پوری کریں جس میں ناکامی قانونی جرم قرار دیا جائے گا۔ اس قانون کے تحت معمرین اپنے مسائل سے متعلق مقامی تحصیلدار یا آرڈی او کو درخواست کرنے پر فوری طور مناسب کاروائی کی جائے گی۔ ضلع کے عوام الناس کی رہنمائی کرنے، والدین کی دیکھ بھال قانون سے متعلق عوام میں وسیع پیمانے پر شعور بیدار کرنے کی عہدیداروں کو انھوں نے ہدایت دی۔ والدین کی دیکھ بھال 2007 قانون کے مطابق اگر بچے والدین کی دیکھ بھال کرنے سے مکر جائیں تو کریمنل پروسیڈئیر کوڈ 125 کے مطابق شکایت درج کرنے پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔ پولیس اہلکاروں یا تحصیلداروں کو درخواست دینے پر فیملی کونسلنگ فراہم کرنے کا موقع دیا جائیگا۔ اس قانون کی عمل آوری کے بعد اگر معمرین یا والدین ان کے نان نفقہ کے عوض میں اپنی جائیداد اپنے بچوں یا رشتہ داروں کے نام کرتے ہیں اور بعد ازاں اگر متعلقہ رشتہ دار یا بچے ان کے تئیں لاپر واہی کا مظاہرہ کرنے پر اس جائیداد کو دھوکہ دہی یا جبراًضبطی کے تابع قرار دیتے ہوئے مذکورہ جائیداد کو واپس والدین کے قبضے میں لینے کے امکانات ہیں۔ اس سے متعلق وسیع پیمانے پر تشہیر کروانے کی عہدیداروں کو انھوں نے ہدایت دی۔ انھوں نے مزید کہا کہ معمرین کے مسائل کی یکسوئی کے لئے حکومت نے 14567 ٹول فری نمبر کا قیام عمل میں لایا ہے۔ صبح 7 بجے تا رات 9 بجے تک اس نمبر پر فون کرتے ہوئے معمرین اپنے مسائل سے آگاہ کرسکتے ہیں۔ ضلع ایڈیشنل کلکٹر نے مزید کہا کہ سلطانہ آباد میں 50 لاکھ کی لاگت سے حکومت نے دارالضعیف (اولڈ ایج ہوم) کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے . اس ضمن میں بہت جلد تعمیری کاموں کا آغاز کیا جائیگا۔ گوداوری کھنی میں بھی ایک دارالضعیف کے قیام کے لئے ضلعی انتظامیہ کوشاں ہے۔اس موقع پر معمرین کی فلاح و بہبود سے متعلق حلف دلوایا گیا. معمرین کی فلاح کے لئے کام کرنے والے افراد کو ضلع ایڈیشنل کلکٹر نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شال پوشی کی۔ضلعی عہدیدار برائے محکمہ بہبود رؤف خان، ضلع معمرین کمیٹی ممبر داسری چندرا مولی، معمرین اسوسی ایشن صدر پی ٹی سوامی، متعلقہ عہدیداران وغیرہ نے اس تقریب میں شرکت کی۔