انٹرنیشنل گرل چائلڈ ڈے پرکانگریس قائد کا جذباتی پیام‘ کرناٹک میں بھارت جوڑو یاترا جاری
بنگلورو: کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ جاری ہے۔ کرناٹک کے چتردرگ سے منگل کو پدیاترا کے 34ویں دن کی شروعات ہوئی۔ پدیاترا کے درمیان ’انٹرنیشنل گرل چائلڈ ڈے‘ پر راہول گاندھی نے ملک کی بیٹیوں کو لے کر ایک جذباتی پیغام دیا ہے۔ یاترا کے دوران بچیوں کے ساتھ لی گئی تصویروں کو شیئر کرتے ہوئے راہول گاندھی نے لکھا ہے ’’والد کی لاٹھی ہے اور والدہ کی امید، ہر گھر کا سہارا ہیں، ہماری بیٹیاں۔ ملک کے روشن مستقبل کے لیے ہم سب کو ہر حال میں انھیں تحفظ، برابری کا موقع فراہم کرنا اور احترام کرنا ضروری ہے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا مقصد ہی ملک کو جوڑنا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ پدیاترا نفرت، تشدد، جرائم، اونچ نیچ اور سماج میں پھیلی لاتعداد برائیوں کے خلاف ہے۔ ظاہر ہے کہ اسی سماج میں خواتین کے خلاف جرائم میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ آج ملک میں خواتین کے خلاف کس طرح کا تشدد ہو رہا ہے، یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں انہی باتوں کی طرف اشارہ کیا ہے اور خواتین، بچیوں کو انصاف دلانے کی بات کہی ہے۔واضح رہے کہ این سی آر بی کے اعداد و شمار سے اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ملک میں خواتین کی کیا حالت ہے۔ ملک میں 2021 میں، 2020 کے مقابلے خواتین کے خلاف جرائم میں 15.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ قومی جرائم ریکارڈ بیورو کے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں خواتین کے خلاف جرائم کے 428278 معاملے درج ہوئے ہیں، جب کہ 2020 میں 371503 معاملے درج ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق 2021 میں خواتین کے خلاف جرائم کی اعلیٰ شرح آسام (168.3 فیصد) میں درج کی گئی ہے۔ این سی آر بی کی رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ فی ایک لاکھ کی آبادی پر خواتین کے خلاف جرائم 2020 میں 56.5 فیصد سے بڑھ کر 2021 میں 64.5 فیصد ہو گئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار بے حد خوفناک ہیں۔ ایسے میں ملک کی خواتین کو تحفظ، برابری کے مواقع اور احترام دلانے کی ضرورت ہے۔کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کرناٹک میں جاری ہے۔ کرناٹک میں سونیا گاندھی نے بھی بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیا جہاں عوام کی جانب سے شاندار ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے اور مقامی عوام میں بھارت جوڑو یاترا کو لیکر جوش و خروش بھی دیکھا جارہا ہے۔ کنیا کماری سے شروع ہوئی یہ یاترا مختلف ریاستوں سے ہوتی ہوئی کشمیر میں اختتام پذیر ہوگی۔ بی جے پی کی جانب سے بھارت جوڑو یاترا پر تنقیدیں کی جارہی ہیں جبکہ کانگریس کا کہنا ہیکہ بھارت کو توڑنے کی کوششوں کے خلاف بھارت جوڑو یاترا نکالی گئی ہے۔