ایڈوپلا پایا میں ایک اسٹیج پر ہوں گے، حیدرـآباد واپسی کے بعد شرمیلا کی نئی پارٹی کا اعلان
حیدرآباد۔/6جولائی، ( سیاست نیوز) بھائی اور بہن بھلے ہی سیاسی میدان میں اختلافات رکھتے ہوں لیکن والد کے یوم پیدائش کی تقریب میں انہیں ایک ساتھ دیکھا جائے گا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی اور تلنگانہ میں علحدہ پارٹی قائم کرنے والی ان کی بہن وائی ایس شرمیلا کی 8 جولائی کو کڑپہ کے ایڈوپلا پایا میں وائی ایس آر گھاٹ پر امکانی ملاقات کے بارے میں عوام میں تجسس پایا جاتا ہے۔ تلنگانہ میں شرمیلا کی جانب سے نئی سیاسی اِننگز کے اعلان کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے جب بھائی اور بہن اپنے والد آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی یوم پیدائش کے موقع پر ایک اسٹیج پر دکھائی دیں گے۔ گزشتہ سال تک 8 جولائی وائی ایس آر خاندان کیلئے فیملی فنکشن کی طرح تھی جس میں والدہ وجیماں کی نگرانی میں جگن اور شرمیلا اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دکھائی دیتے رہے۔ دونوں کے علحدہ راستوں کے اختیار کرنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب والد کی برسی پر دونوں بھائی، بہن کی طرح نہیں بلکہ سیاسی حریف کی طرح وائی ایس آر گھاٹ پر دکھائی دیں گے۔ عوام میں اس بات کو لیکر بحث جاری ہے کہ آیا دونوں قائدین ایک اسٹیج پر ساتھ موجود رہیں گے یا نہیں۔ اگر موجود رہتے ہیں تو ہر سال کی طرح دونوں میں خوشگوار انداز میں بات چیت ہوگی یا نہیں۔ تلنگانہ کے آبی حق کیلئے شرمیلا نے اپنے بھائی جگن کے خلاف جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔ وائی ایس آر کی موت کے بعد سے ہر سال ان کا یوم پیدائش اور برسی بڑے پیمانے پر منائی جاتی ہے۔ شرمیلا نے 8 جولائی کو تلنگانہ میں اپنی سیاسی پارٹی کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے حالانکہ اطلاعات کے مطابق جگن نے شرمیلا کو تلنگانہ کی سیاست میں حصہ لینے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔ وائی ایس آر کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ یوم پیدائش تقریب میں خاندان کے قریبی افراد کو دونوں سے ملاقات میں تامل ہوسکتا ہے کیونکہ اگر جگن سے ملاقات کریں تو شرمیلا کی ناراضگی یا پھر شرمیلا سے ملاقات کی جائے تو جگن کے خلاف سرگرمیوں کی تائید تصور کی جاسکتی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس کے قیام کے بعد سے شرمیلا نے ہر موڑ پر اپنے بھائی جگن کے ساتھ کھڑے ہوکر پارٹی کے استحکام کیلئے کام کیا تھا۔ حکومت کی تشکیل کے بعد سے والدہ اور بہن کی بھائی سے دوری بڑھنے لگی ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کی سیاست میں وائی ایس آر کے نام سے قدم رکھنے کے فیصلہ کے بعد سے دونوں کی دوریاں اختلافات میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ جگن موہن ریڈی 7 جولائی کی شام ایڈوپلا پایا پہنچ رہے ہیں جہاں رات میں قیام کے بعد دوسرے دن صبح اپنے والد کو خراج پیش کریں گے۔ شرمیلا 7 جولائی کی رات بنگلور پہنچ رہی ہیں اور دوسرے دن صبح سڑک کے راستہ سے ایڈوپلا پایا پہنچیں گی تاکہ وائی ایس آر گھاٹ پر خراج پیش کرسکیں۔ وہاں سے وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر حیدرآباد واپس ہوں گی جہاں نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کریں گی۔