وال کی نصف سنچری ، ویسٹ انڈیز کو 99 رنز کی سبقت

   

نارتھ پوائنٹ : فاسٹ بولر راہکیم کورون وال نے ناقابل تسخیر نصف سنچری اسکور کرنے کے علاوہ آٹھویں وکٹ کیلئے جوشا ڈسلوا کے ساتھ 90 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے یہاں سری لنکا کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن اپنی ٹیم کو 99 رنز کی اہم سبقت دلوادی ۔ دن کے اختتام پر کورون وال 60 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے ، انھوں نے یہاں سر ویوین رچرڈس اسٹیڈیم میں انٹیگا کی جانب سے نصف سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بنے ہیں۔ علاوہ ازیں وکٹ کیپر بیٹسمین ڈسلوا نے 46 رنز اسکور کئے ہیں اور دونوں نے لوور آرڈر میں شاندار پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں بنائے جانے والے 169 رنز کے خلاف ایک اہم سبقت حاصل کرلی ہے ۔ دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے آٹھ وکٹوں کے نقصان کے بعد 268 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ ڈسلوا کی صبر آزما اننگز نے میزبان ٹیم کیلئے کافی اہم کردار ادا کیا کیونکہ جس وقت یہ دونوں کھلاڑی میدان پر یکجا ہوئے اُس وقت ویسٹ انڈیز کی ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بناکر نازک صورتحال سے دوچار تھی ، کورون وال نے اپنے عزائم کو پورا کر دکھایا جیسا کہ انھوں نے مقابلے سے قبل مقامی میڈیانمائندوں کو کہا تھا کہ ’’دنیا سے کہدو کہ میں رنز بنانے کیلئے آچکا ہوں ‘‘ ۔ 1.96 میٹر طویل قامت فاسٹ بولر نے اپنی پہلی نصف سنچری 62 گیندوں میں مکمل کی جس میں انھوں نے 9 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ نصف سنچری کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کورون وال نے کہاکہ میں جانتا ہوں کہ مجھ میں بیٹنگ کی صلاحیت بھی ہے ، میں نے پہلے ڈسلوا کے ساتھ ایک اہم پارٹنرشپ نبھائی تاکہ ایک جانب ٹیم کیلئے رنز اسکور ہوں اور میں اپنا ردھم حاصل کرسکوں ۔ کورون وال اور ڈسلوا کے درمیان بننے والی پارٹنرشپ نے مقابلے کا رُخ ویسٹ انڈیز کی جانب موڑ دیا۔