بیجنگ : چین کے خلائی اسٹیشن کے لیے موجود مشن میں شامل خاتون وانگ یاپنگ اسپیس واک یعنی خلا میں چہل قدمی کرنے والی پہلی چینی خاتون بن گئی ہیں۔خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق چائنا مینڈ اسپیس (سی ایم ایس) کا کہنا تھا کہ وانگ اور ان کے ایک اور ساتھی خلاباز ڑائِی ڑی گانگ نے اتوار کی شام کو اسٹیشن کے مرکزی ماڈیول سے باہر چھ گھنٹے سے زائد وقت گزارا۔سی ایم ایس کے مطابق انہوں نے یہ وقت آلات نصب کرنے اور اسٹیشن کے روبوٹک سروس آرم کے ساتھ ٹسٹ کرکے گزارا۔ اس دوران عملے کے تیسرے رکن یے گوانگ فو اسٹیشن کے اندر سے معاونت کرتے رہے۔یہ تینوں افراد مستقل اسٹیشن پر دوسرے عملے کا حصہ ہیں اور ان کے چھ ماہ کے مشن کا آغاز 16 اکتوبر کو ان کے وہاں پہنچنے کے ساتھ ہی ہوا تھا۔ یہ اب تک چینی خلابازوں کا خلا میں سب سے زیادہ طویل دورانیہ ہو گا۔
