وانی دیوی نے قانون سازکونسل کی رکنیت کا حلف لیا

   

کامیابی کے 5 ماہ بعد حلف برداری، عوامی خدمت کیلئے زندگی وقف کرنے کا عہد

حیدرآباد۔/29اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی دختر ایس وانی دیوی نے آج قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔ مارچ میں منعقدہ ایم ایل سی گریجویٹ نشست کے الیکشن میں وانی دیوی نے بی جے پی امیدوار رامچندر راؤ کو شکست دی تھی۔ انہوں نے ابھی تک عہدہ کا حلف نہیں لیا تھا کیونکہ وہ اچھے اور متبرک دن کے انتظار میں تھے۔ حیدرآباد ، رنگاریڈی اور محبوب نگر حلقہ کے ایم ایل سی چناؤ میں وانی دیوی کو ایک لاکھ 89 ہزار 339 ووٹ حاصل ہوئے تھے جبکہ بی جے پی امیدوار رامچندر راؤ کو ایک لاکھ 37 ہزار 566 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ قانون ساز کونسل کی ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ نشست سے کامیابی حاصل کرنے والے پی راجیشور ریڈی نے بھی ابھی تک عہدہ کا حلف نہیں لیا ہے۔ قانون ساز کونسل کے کارگذار صدرنشین بھوپال ریڈی نے وانی دیوی کو کونسل کے احاطہ میں حلف دلایا۔ اس موقع پر سکریٹری جنرل ٹی آر ایس اور رکن راجیہ سبھا کیشو راؤ، ریاستی وزراء پرشانت ریڈی، محمد محمود علی، سبیتا اندرا ریڈی، ٹی سرینواس یادو کے علاوہ ارکان کونسل اور قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وانی دیوی نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنے کیلئے اگرچہ عہدہ کی ضرورت نہیں ہے لیکن بعض کاموں کی تکمیل کیلئے عہدہ ضروری ہوجاتا ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ایم ایل سی کی نشست پر کامیابی دلائی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین نے کافی محنت سے انہیں کامیابی دلائی ہے جس کے لئے وہ اظہار تشکر کرتے ہیں۔ ریاستی وزراء کی مجھے تائید حاصل ہے۔ انہوں نے الیکشن میں تائید کرنے والے ہر شخص سے اظہار تشکر کیا۔ وانی دیوی نے کہا کہ وہ اپنی آخری سانس تک عوام کی خدمت کریں گی۔R