امراوتی ( اے پی ) 28 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش کو واٹر شیڈ پراجیکٹ کیلئے عالمی بینک سے 60 ملین ڈالرس کا قرض ملنے کی امید ہے ۔ حکومت اختراعی ترقی سے زرعی شعبہ میں جان ڈالنے کے مقصد سے یہ پراجیکٹ آگے بڑھا رہی ہے ۔ اس پر ریاست کے خشک سالی سے متاثرہ پانچ اضلاع میں آئندہ پانچ سال تک عمل ہوگا ۔ اس پراجیکٹ کی جملہ لاگت 500 کروڑ روپئے بتائی جا رہی ہے اور یہ رائلسیما کے اضلاع اننت پور ‘ چتور ‘ کڑپہ اور کرنول میں لاگو کیا جائیگا ۔ عالمی بینک کی جانب سے پراجیکٹ لاگت کا 70 فیصد حصہ ادا کیا جائیگا اور ریاستی و مرکزی حکومتیں مابقی اخراجات برداشت کرینگی ۔ پنچایت راج محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ اس پراجیکٹ پر آندھرا پردیش کے علاوہ کرناٹک اور اوڈیشہ میں بھی عمل کیا جائیگا اور وہاں بھی عالمی بینک کی جانب سے امداد فراہم کی جائے گی ۔ تینوں ریاستوں میں جملہ پراجیکٹ مالیت 350 ملین ڈالر ہے ۔