واٹر مین آف انڈیا راجندر سنگھ نے تلنگانہ کے گرین انڈیا چیلنج کی ستائش کی

   

حیدرآباد۔ 20فروری (یو این آئی) ریمن میگاسسے ایوارڈ یافتہ و واٹر مین آف انڈیا راجندر سنگھ نے تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کی جانب سے شروع کردہ گرین انڈیا چیلنج کی ستائش کی۔انہوں نے تلنگانہ کے ضلع کھمم کے کویتا ڈگری کالج میں ایک پروگرام میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے کالج کے احاطہ میں پودا لگایا اورکہاکہ شجرکاری،سماجی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مشن کاکتیہ کے ذریعہ تالابوں اور جھیلوں کا احیا کرنے سے زیرزمین پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے سرسبزی وشادابی بھی بڑھ رہی ہے ۔سنگھ نے دریائے گوداوری کے تحفظ کی مہم کے حصہ کے طورپر ریاست کا تین دنوں تک دورہ کیا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ ریاست میں سرسبزی وشادابی میں اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔ہر فرد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ آبی وسائل کا تحفظ کرے ۔انسانوں کی بقا دریاوں پر ہے اور ان دریاوں کو نظرانداز کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں ان میں آلودگی پیداہورہی ہے ۔