کراچی ۔12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) فائی کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹر ز کی ٹیم میں شامل آسٹریلیائی کرکٹر شین واٹسن نے اپنی انفرادی اور ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہارکیا ہے اور کہا کہ بدقسمتی ہے کہ وہ مظاہرہ نہیں کر سکے۔آپی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر دفاعی چیمپئین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس وقت آخری نمبر چھ پر ہے۔ نو میچز کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے صرف سات پوائنٹس ہیں۔ آخری میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اب کراچی کنگز کے خلاف کھیلنا ہے۔ ٹاپ فور کے لئے جگہ بنانا اس وقت دفاعی چمپئین کے لئے مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ شین واٹسن نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہم ایونٹ میں اچھا نہیں کھیل سکے ۔ آغاز اچھا تھا لیکن اس سلسلہ کو برقرار رکھنے میں ناکام رہے، میں سمجھتا ہوں کہ دیگر ٹیمیں پہلے کی نسبت مضبوط ہوئی ہیں اور انہوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے ایسے میں ہمارے لئے مایوس کن ہے کہ ہم اچھا نہیں کھیلے لیکن ہم سب کیلئے اس میں سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے کیلئے بہت کچھ ہے۔