ماہ دسمبر سے سختی کے ساتھ عمل آوری ، واٹس اپ انتظامیہ کا فیصلہ
حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) واٹس اپ کے ذریعہ کئے جانے والے اجتماعی پیامات کی ترسیل کی صورت میں ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی جو غیر ضروری پیامات روانہ کرتے ہیں۔ واٹس اپ نے فیصلہ کیا ہے کہ جن استعمال کنندگان کو غیر ضروری تجارتی پیامات وصول ہورہے ہیں ان کی تکالیف کو دور کیاجائے اور ان تکالیف کو دور کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت 7ڈسمبر کے بعد بغیر اجازت پیامات روانہ کرنے والے تجارتی اداروں اور اسپام پیامات روانہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔واٹس اپ انتظامیہ کا کہناہے کہ دنیا بھر میں واٹس اپ کے استعمال کنندگان کی تعداد کروڑہا میں ہے اور ان استعمال کنندگان کو اسپام پیامات روانہ کئے جا رہے ہیں جو کہ واٹس اپ کی پالیسی کے خلاف ہے اسی لئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان ادارو ںکے خلاف کاروائی کی جائے جن اداروں اور اشخاص کی جانب سے اس طرح کے پیامات روانہ کئے جا رہے ہیں۔