!واٹس اپ کی مدد سے غیر قانونی سرمایہ کاریوں کا انکشاف

   

حیدرآباد 17 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) جو لوگ غیر قانونی سرمایہ کاری اور بیرونی معاملات کرتے ہیں ان کے تعلق سے پتہ چلانے محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے مشتبہ تاجروں ‘ اہم شخصیتوں اور سیاستدانوں کے واٹس اپ اکاونٹس کو ٹریک کیا جا رہا ہے ۔ آئی ٹی عہدیدار مشتبہ افراد کے سوشیل میڈیا چاٹس کا ڈاٹا حاصل کر رہا ہے تاکہ ایسی معاملتوں کا پتہ چلایا جاسکے جن کا انکم ٹیکس ریٹرنس میں تذکرہ نہیں کیا جاتا ۔ ذرائع نے بتایا کہ جو تاجر سے سیاستدان بنے ہیں ‘ وی وی آئی پیز ‘ سلیبریٹیز اور کمپنی سربراہان زیادہ واٹس اپ استعمال کر رہے ہیں ان پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے بموجب تاجرین کی جانب سے غیر قانونی سرمایہ کاری اور ٹیکس چوری کے معاملات کا پتہ چلانے باضابطہ معاملتوں ہی پر اکتفاء کیا جاتا تھا تاہم اب واٹس اپ چاٹس اور ڈاٹا کے ذریعہ ایسے لوگوں کا پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ مثال کے طور پر آئی ٹی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے تین اہم انفرا اسٹرکچر گروپس پر جو تلنگانہ و آندھرا میں سرگرم ہیں‘ دھاوے کئے تھے ۔ یہاں کئی دھاندلیوں کا انکشاف ہوا ۔ آئی ٹی محکمہ کو ای ۔ میل اور واٹس اپ اطلاعات سے اس بدعنوانی کا پتہ چلانے میں مدد ملی ۔ حکومت نے PAN کو آدھار سے مربوط کرنے کی مہلت بڑھا دی ہے ۔ آدھار مربوط کرنے کا مقصد یہی ہے کہ محکمہ کو معاشی سرگرمیوں کا موبائیل نمبر سے پتہ چل سکے ۔ حکام کو پتہ چلا کہ کئی وی آئی پیز اور سلیبرٹیز اپنے سیل نمبرات بارہا بدلتے ہیں تاکہ کسی گھیرے میں نہ پھنس جائیں۔ حال میں سینکڑوں کروڑ کا کاروبار کرنے والے ایک تاجر کا پتہ چلا تھا جو اپنے ڈرائیور کے نام پر حاصل کردہ سم استعمال کیا کرتا تھا ۔