واٹس ایپ پر جھوٹی خبریں پھیلانے پر کارروائی

   

ظہیرآباد میں ڈی ایس پی شنکر راجو کی پریس کانفرنس
ظہیرآباد۔ ڈی ایس پی ظہیرآباد شنکر راجو نے کورونا وباء کی دوسری لہر کے پیش نظر رات کے 9 بجے تا صبح 5 بجے نافذ کردہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا اور کہاکہ ریاستی حکومت نے اس خصوص میں احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے پولیس اسٹیشن ظہیرآباد کے احاطہ میں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ کرفیو کے دورن سینما تھیٹرس ، کاروباری ادارے ، شراب کی دکانات ، ہوٹلیں، بارس، ریسٹورنٹس مکمل طور پر بند رہیں گے جبکہ شناختی کارڈس کے حامل الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں اور ایمرجنسی خدمات انجام دینے والوں کو رعایت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرفیو کے دوران پٹرول پمپس، میڈیکل شاپس اور ہاسپٹلس جانے والے مریض کرفیو سے مستثنیٰ رہیں گے نیز بین سرکاری ملازمین اور میڈیکل اسٹاف کو پولیس کی چیکنگ کے دوران شناختی کارڈس دکھانے ہوں گے۔ انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے سارے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ انہوں نے واٹس ایپ پر جھوٹی خبریں پھیلانے والے سوشیل میڈیا کو بھی خبردار کیا۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر راج شیکھر کے بشمول ظہیرآباد رورل، کوہیر پولیس اسٹیشنوں کے سب انسپکٹرس اور دوسرے موجود تھے۔