واٹس ایپ پر لڑکی کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار

   

حیدرآباد 16 مئی ( سیاست نیوز ) واٹس ایپ کے ذریعہ لڑکی کو ہراساں کرنے والے ایک شخص کو سائبر کرائم رچہ کنڈہ نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ واٹس ایپ پر قابل اعتراض و نا قابل بیان پیغامات روانہ کرکے 26 سالہ ہریش کمار کولا شکایت گذار لڑکی کو پریشان کررہا تھا ۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد ہریش کمار کو گرفتار کر لیا جو خانگی ملازم بتایا گیا ۔ وجئے پوری کالونی اپل کا ساکن ہریش 2017 میں گھٹکیسر میں ایک معروف انجینئرنگ کالج میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر خدمات انجام دیتا تھا ۔ اس دوران لڑکی سے اس کی پہچان ہوئی اور ہریش لڑکی سے ہر دن فون پر بات کرتا تھا ۔ لڑکی اس وقت ایم ٹیک میں زیر تعلیم تھی ۔ ایک دن اس نے لڑکی کو شادی کی تجویز پیش کی تاہم لڑکی نے پیشکش کو مسترد کردیا اور بات چیت بند کردی ۔ ہریش فون کرتا رہا لیکن لڑکی نے اس کا جواب نہیں دیا جس کے بعد لڑکی سے بدلہ لینے اسے پریشان کرنے لگا ۔ واٹس ایپ کے ذریعہ لڑکی کو دھمکیاں دینا اور ناقابل بیان فقرے بیان کرتا تھا اور لڑکی کی تصاویر سوشیل میڈیا پر وائرل کرکے اسکے کردار کو متاثرہ کرنے کی دھمکیاں دے رہا تھا ۔ پولیس نے شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ۔