واکنگ اور جاگنگ کیلئے بھی یوزر چارجس

   

عثمانیہ یونیورسٹی میں یکم ڈسمبر سے فی کس 200 روپئے لئے جائیں گے
حیدرآباد۔ 27 نومبر ( سیاست نیوز ) عثمانیہ یونیورسٹی کے سرسبز و شاداب کیمپس میں چہل قدمی یا پھر جاگنگ کرنا صحت کیلئے اچھا ہوتا ہے تاہم اب یہی واکنگ اور جاگنگ خود یونیورسٹی کیلئے بھی نفع بخش ہونے والی ہے ۔ یکم ڈسمبر سے یہاں واکنگ یا جاگنگ ‘ یوگا وغیرہ کرنے کیلئے ماہانہ 200 روپئے ادا کرنے ہونگے ۔ انتظامیہ نے یکم ڈسمبر سے یہ فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو یہاں جاگنگ یا واکنگ کیلئے آنا چاہتے ہیں۔ یونیورسٹی کے اطراف کے علاقوں سے سینکڑوں افراد کیمپس آتے ہیں اور فٹنس سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ تاہم انتظامیہ نے ماہانہ 200 روپئے یوزر چارجس لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ خود عوام نے تجویز کیا کہ یوزر چارجس لے کر انہیں سہولیات فراہم کی جائیں ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کچھ افراد نے کہا کہ وہ واکنگ یا جاگنگ کیلئے 500 روپئے بھی ادا کرنے کو تیار ہیں لیکن انتظامیہ نے 200 روپئے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ فیس وصولی کے بعد واکنگ ٹریکس ‘ بائیو ٹائلٹس اور پینے کے پانی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔ یونیورسٹی نے بیرونی افراد کیلئے چارجس کی ادائیگی پر جمنازیم اور پلے گراونڈز دستیاب کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ جمنازیم کو صبح 6 تا 9 بجے دیڑھ گھنٹے کی دو شفٹوں میں اور شام 5 تا 8 بجے دیڑھ گھنٹے کی دو شفٹوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے جس کیلئے 1000 روپئے ماہانہ وصول کئے جایئں گے ۔ پلے گراونڈ کو بھی صبح 6 تا 8 بجے اور شام 4 تا 6 بجے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ لوگ یہاں باسکٹ بال کورٹ ‘ فٹبال گراونڈ اور دوسرے اتھیلیٹکس سہولیات ماہانہ500 روپئے کی ادائیگی پر حاصل کرسکتے ہیں۔ یوزر چارجس ادا کرنے والوں کو پاسیس جاری کئے جائیں گے جس کے ذریعہ وہ ان سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے ۔