وایناڈ لوک سبھا ضمنی انتخاب میں 60فیصد پولنگ

,

   

وایناڈ: کیرالا میں وایناڈ لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب میں بدھ کی شام 5 بجے تک 60.79 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ووٹنگ آج صبح 7 بجے شروع ہوئی۔ پولنگ مراکز پر لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ اس دوران کہیں سے کوئی ناخوشگوار اطلاع سامنے نہیں آئی اور ووٹنگ پرامن طریقے سے جاری ہے ۔وایناڈ کی پارلیمانی نشست لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کے اتر پردیش میں رائے بریلی کی سیٹ کو برقرار رکھنے اور وایناڈ لوک سبھا سیٹ سے استعفیٰ دینے کے بعد خالی پڑی تھی۔ راہول گاندھی کے استعفیٰ کے بعد ضمنی انتخابات ضروری ہو گئے تھے۔ مئی 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں راہول نے رائے بریلی اور وایناڈ دونوں لوک سبھا سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ راہول کے وایناڈ سیٹ چھوڑنے کے بعد، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی (راہول گاندھی کی بہن) کو وایناڈ لوک سبھا ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا گیا ہے ۔اس ضمنی انتخاب میں پرینکا کو 16 امیدواروں سے سخت مقابلہ درپیش ہے ، جن میں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے ستیان موکیری اور این ڈی اے کے ناویہ ہری داس ہیں۔اس دوران صبح کچھ بوتھوں پر ای وی ایم میں خرابی کی وجہ سے ووٹنگ میں کچھ دیر کیلئے خلل پڑا، لیکن عہدیداروں نے وقت ضائع کیے بغیر حالات کو قابو میں کرلیا اور ووٹنگ دوبارہ شروع ہوگئی۔پرینکا نے پولنگ بوتھ کا دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ مجھے امید ہے کہ وایناڈ کے لوگ مجھے اپنا فرض ادا کرنے کا موقع دیں گے ۔