وبائی امراض میں تیزی سے اضافہ

   

Ferty9 Clinic

شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، کھانسی و بلغم کی شکایتیں

حیدرآباد۔یکم۔اگسٹ(سیا ست نیوز) شہر حیدرآباد میں سانس لینے میں دشواریوں کی شکایات کے ساتھ دواخانہ سے رجوع ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔چیسٹ ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں میں اکثریت کھانسی اور بلغم کے علاوہ سانس لینے میں دشواری کی شکایات کے ساتھ رجوع ہورہے ہیں۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ مانسون کے ساتھ ہی وبائی امراض تیزی کے ساتھ پھیلنے لگتے ہیں جن میں کھانسی ‘ بخار اور دیگر امراض شامل ہیں لیکن جاریہ مانسون کے دوران یہ دیکھا جا رہاہے کہ سانس لینے میں دشواریوں کی شکایات کے ساتھ لوگ دواخانہ سے رجوع ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر محبوب خان سپرنٹنڈنٹ چیسٹ ہاسپٹل نے بتایا کہ ان دنوں چیسٹ ہاسپٹل کے آؤٹ پیشنٹ کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور یہ تعداد 350سے 500 تک پہنچ چکی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ چیسٹ ہاسپٹل میں عملہ کی قلت اور معیاری سہولتو ںکی عدم موجودگی کے سبب گاندھی اور عثمانیہ دواخانہ سے مریضوں کو رجوع کیا جا رہاہے جو کہ ان دواخانوں پر بوجھ عائد کرنے کے مماثل ہے کیونکہ RICU میں مریض کو شریک کروانے کے لئے عثمانیہ یا گاندھی ہاسپٹل سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ یومیہ 20 مریضوں کو عثمانیہ یا گاندھی سے رجوع کیا جاتا ہے کیونکہ انہیں وینٹیلیٹر کی ضرورت ہوتی ہے۔