گورنمنٹ ہاسپٹل بودھن کا دورہ، طبی عہدیداروں کو کمشنر محکمہ صحت کی مختلف ہدایتیں
بودھن۔/17 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ صحت و طبابت ریاست تلنگانہ کے کمشنر ڈاکٹر اجئے کمار نے گذشتہ روز گورنمنٹ ضلع ہاسپٹل بودھن کا دورہ کیا۔ انہوں نے دواخانہ میں شریک زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان کے علاج معالجہ اور انہیں سربراہ کی جانے والی ادویات و دیگر سہولتوں کی فراہمی کے تعلق سے مریضوں سے بات چیت کرکے مکمل جانکاری حاصل کی ۔ بعد ازاں کمشنر ہیلت اجئے کمار نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ وہ وزیر صحت و طبابت اور سکریٹری ویدیا ودھان پریشد کی ہدایت پر بودھن کے سرکاری دواخانہ کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وبائی امراض اور ڈینگو ملیریا جیسے مودی مرض کے اچانک حملے سے بچنے اور ان امراض پر قابو پانے قبل از وقت حسب ضرورت ادویات کا ذخیرہ رکھنے کی ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سمن کو ہدایت دی۔ کمشنر ویدیا ودھان پریشد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ ہوئے تبادلوں کے دوران بودھن ہاسپٹل میں برسر خدمت چار ڈاکٹرس کے تبادلے عمل میں آئے اور ان کی جگہ صرف ایک لیڈی ڈاکٹر کا بودھن ہاسپٹل کو تبادلہ کیا گیا جبکہ یہاں مزید ایک گائناکالوجسٹ لیڈی ڈاکٹر کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دواخانہ انتظامیہ کو فی الفور تین ڈاکٹرس کا فوری طور پر تقرر عمل میں لانے کی اجازت دے دی گئی۔ ان کے علاوہ مزید مخلوعہ ڈاکٹروں کی جائیدادوں کو پُر کرنے کا کمشنر ویدیا ودھان پریشد نے تیقن دیا۔ ان کے ہمراہ ڈی سی ایچ ایس ڈاکٹر شیوا کمار، ضلع ملیریا آفیسر ڈاکٹر تکا رام راتھوڑ اور مقامی دواخانہ کے ڈاکٹر صوفی ، آر ایم او ڈاکٹر سندیپ ویگنا شور فارماسٹ جگدیش اور عملے کے افراد بھی موجود تھے۔