وبائی امراض کو روکنے حیدرآباد میں ذاتی خرچ پر مچھر کش مہم کا اعلان

   

ہیلپ لائن نمبر کا قیام، صدر میناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ کا منفرد اقدام

حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر سمیر ولی اللہ نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے اپنے ذاتی خرچ سے مفت مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کی اہم وجہ مچھروں کی افزائش ہے اور شہر میں بڑھتے وبائی امراض کو دیکھتے ہوئے مچھروں کی افزائش پر قابو پانا ناگزیر ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر انحصار کئے بغیر وہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانا چاہتے ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مچھروں کی افزائش کی روک تھام میں ناکام ہوچکا ہے جس کے باعث ڈینگو، ملیریا اور دیگر وبائی امراض عروج پر ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وبائی امراض میں اضافہ کے باوجود بلدیہ کی جانب سے مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ بڑے پیمانے پر نہیں کیا جارہاہے لہذا انہوں نے ذاتی طور پر یہ فیصلہ کیا۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کیلئے ہیلپ لائن نمبر رکھا گیا ہے اور عوام موبائیل نمبر9100109111 پر کال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کے چھڑکاؤ کی درخواست ملنے پر فاگنگ مشین آپریٹر کے ساتھ روانہ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر پر @sameerwaliullah پر اپنی درخواست نوٹ کراسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادیوں کے علاوہ تالابوں میں بھی مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ ڈینگو اور دیگر امراض کی جانچ اور پتہ چلانے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مانسون کے دوران حیدرآباد میں صحت و صفائی کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حکام بلند بانگ دعوے کررہے ہیں لیکن سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس مریضوں سے بھرے پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ کی جانب سے محض رسمی انداز میں مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ کانگریس قائد نے کہا کہ گزشتہ تین تا چار ماہ کے دوران ڈینگو اور دیگر امراض میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور بڑی تعداد میں اموات واقع ہوئی ہیں۔عوام وبائی امراض کے سلسلہ میں خوف کا شکار ہیں۔
سمیر ولی اللہ نے کانگریس کارکنوں سے اس پروگرام میں تعاون اور حصہ لینے کی اپیل کی۔