قرب و جوار کے علاقوں کی صفائی ، ڈائرکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر بی رویندر نائک کا بیان
حیدرآباد۔7۔جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے محکمہ صحت کی جانب سے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے ہفتہ واری اساس پر صاف صفائی کا دن منانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ محکمہ صحت نے ریاست بھر میں ہر جمعہ کو’ڈرائی ڈے‘ کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کے دن آس پاس جمع ہونے والے پانی کی صفائی کو یقینی بناتے ہوئے مچھروں کی افزائش کو روکنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ پانی جمع ہونے اور مچھروں کی افزائش کے نتیجہ میں پھیلنے والی بیماریاں جن میں ڈینگو ‘ ٹائیفڈ‘ وبائی بخار اور دیگر بیماریاں شامل ہیں ان بیماریوں سے بچاؤ اور احتیاطی اقدامات کے طور پر شروع کئے جانے والے محکمہ صحت کے اس پروگرام کے متعلق ڈاکٹر بی رویندر نائک ڈائریکٹر صحت عامہ نے بتایا کہ ہر جمعہ کو اسکولوں‘ کالجس ‘سرکاری دفاتر کے علاوہ گھروں میں ٹھہرے ہوئے پانی کی صفائی کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے گی اور عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ عوام میں شعور بیداری کے ذریعہ ہی موسم باراں کے دوران پانی کے سبب ہونے والے وبائی امراض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر رویندر نائک نے عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نلوں کے ذریعہ سربراہ کئے جانے والے پانی کو ابال کر پینے سے کئی بیماریوں کے تدارک کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اسی لئے شہریوں کو چاہئے کہ وہ پانی کا ابال کراستعمال کریں ۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں میں بھی آلودہ پانی کی شکایات موصول ہورہی ہیں ان شکایات سے نمٹنے اور صحت کو بہتر رہنے کے لئے ضروری ہے کہ پانی کو ابال کراستعمال کیاجائے تاکہ پانی کے سبب ہونے والی بیماریوں کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ بچوں اور بڑوں میں ہاتھ کو بہترانداز میں دھونے اور صفائی کا خاص خیال رکھنے کی بچوں کو تربیت دی جائے تاکہ وہ اپنے آس پاس بھی صفائی کو یقینی بناسکیں۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط میں کہاگیا ہے کہ جو لوگ وبائی امراض کا شکار ہیں ان سے ہاتھ ملانے سے گریز کرنے کے علاوہ عوامی مقامات پر متاثرہ افراد کو ماسک کے استعمال کے علاوہ چھینک آنے پر دستی کے استعمال کی ترغیب دی جائے تاکہ وبائی امراض نہ پھیل پائیں۔ علاوہ ازیں عوامی مقامات پر جمع پانی کی صفائی کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو متوجہ کرواتے ہوئے صفائی کے عمل کو بہتر بنایا جانا ضروری ہے تاکہ صحت عامہ کی بہتری کو یقینی بنایاجاسکے۔3