سرکاری دواخانوں میں ناقص انتظامات، سنگاریڈی میں رکن اسمبلی چنتا پربھاکر کی پریس کانفرنس
سنگاریڈی 28 اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کانگریس حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ کانگریس حکومت کی لاپرواہی اور ضلع انتظامیہ کی بد انتظامی کی وجہ سے ایک جانب سرکاری دواخانہ میں ادویات کی قلت ہے تو دوسری جانب سرکاری اسکولس میں اساتذہ نہیںہے۔ عوام موسمی امراض اور مچھروں کی وجہ سے ملیریا، ڈینگو اور ٹائفائڈ جیسے امراض سے پریشان ہیں اور سرکاری دواخانہ سے رجوع ہونے پر ناقص علاج اور ادویات کی قلت سے ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ ضلع انتظامیہ موسمی امراض کو پھیلنے سے روکنے اور مچھروں کے خاتمہ کے لیے درکار اقدامات نہیں کر رہا ہے۔ حفظان صحت کے اصول پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ہے۔ بارش کا موسم شروع ہونے کے باوجود صفائی کے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ضلع کے دیہاتوں اور قصبوں میں مچھروں کی بھرمار ہو رہی ہے۔ ضلع کے سرکاری اسپتال کے ساتھ ساتھ علاقائی ڈسپنسریوں اور پی ایچ سی میں بھی ادویات کی کمی حکومت کی لاپرواہی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حکومت ہسپتالوں میں کم از کم تین ماہ کی دوائیوں کا بفر اسٹاک رکھنے کو یقینی بنائیں، اس اہم مسئلہ پر غفلت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی کے باعث لوگ خانگی میڈیکل اسٹورس سے ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔ ڈی ایم ائنڈ یچ او اور ضلع انتظامیہ کو فوری متحرک ہوکر ادویات کی قلت کو دور کرنے، معیاری علاج کی فراہمی اور صاف و صفائی کا انتظام کرنے کی ضرورت ہے۔ چنتا پربھاکر نے کہا کہ تعلیمی سال شروع ہوئے تین ماہ ہوچکے ہیں لیکن اساتذہ کی کمی کے باعث طلبہ پڑھائی سے دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کے سی آر کی حکومت تھی تب اساتذہ کی قلت کو ودیا والنٹرس کی بھرتی کے ذریعہ قابو کیا گیا تھا لیکن کانگریس حکومت اس سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے اور ابھی تک ودیا والنٹرس کا تقرر نہیں کیا گیا۔ ضلع کے 1247 اسکولس میں 1111 اساتذہ کی جائدادیں مخلوعہ ہیں۔ ان حالات میں طلباء کی تعلیم کا متاثر ہونا یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی تعلیمی افسران اسکولس کا دورہ کریں تو مسائل سامنے آئیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی آنکھیں کھولیں اور سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں اور فوری طور پر سرکاری اسکولس میں ودیا والنٹرس کی تعینات کے احکام جاری کریں۔ اس موقع پر بچی ریڈی سابق چیرمین سی ڈی سی اور نرہر ریڈی سابق چیرمین ڈسٹرکٹ لائبریز موجود تھے۔