وبائی امراض کے موثر علاج کیلئے ڈاکٹرس کی تعطیلات منسوخ

   

اپوزیشن پر افواہیں پھیلانے کا الزام ،آؤٹ پیشنٹ میں معائنے اور ادویات کی فراہمی: وزیر صحت

حیدرآباد۔15۔ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) وزیر صحت ای راجندر نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں وبائی امراض کے واقعات سامنے آرہے ہیں تاہم عوام کو حوصلہ دلانے کے بجائے اپوزیشن اس پر خوف وہراس پھیلا رہی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاست میں ڈینگو کے معاملات کی سنگینی میں کمی درج کی گئی ہے ۔ڈاکٹرس کا بھی کہنا ہے کہ ڈینگو کے معاملات میں کمی آئی ہے ۔ڈاکٹرس نے اپنی چھٹیاں منسوخ کردیئے ہیں۔شام تک اسپتالوں میں آوٹ پیشنٹ خدمات انجام دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام غیر ضروری الزامات کے نتیجہ میں خوفزدہ ہیں۔تلنگانہ کے وزیر صحت ای راجندر نے اسمبلی میں وقفہ سوالات کے موقع پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صحت مند تلنگانہ کے نشانہ کے ساتھ 12,289عہدوں پر تقرری کے لئے وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے منظوری دی ہے ۔2272عہدوں پر تقرری کے لئے رکروٹمنٹ بورڈ کا قیام عمل میں لایاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دیئے جانے کے بعد طب کے سات شعبہ جات میں بہتر کام کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قبل ازیں ضلع اسپتالوں میں ہی ڈائلاسس، آئی سی یو کی خدمات دستیاب تھیں تاہم تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ڈائلاسس سنٹرس سمیت ٹراماکیر،آئی سی یو سنٹرس میں اضافہ کیاگیا ہے ۔کے سی آر کٹس متعارف کئے جانے کے بعد اسپتالوں میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔سرکاری اسپتالوں میں پہلے 30فیصد زچگیاں ہوتی تھیں جو اب بڑھ کر 65فیصد تک ہوگئی ہیں۔