برلن : جرمن صدر فرینک والٹر اشٹائن مائر ملک بھرمیں کورونا بحران کے دوران مسلمانوں کی جانب سے تعاون اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوگئے۔ انہوں نے کہا میں جرمنی میں مسلمانوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے رمضان کے مہینے میں قابل تقلید نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا پابندیوں کا احترام کیا۔ مسلمانوں کی جانب سے اپنی عید کی خوشیوں کو گھروں تک محدود کرنے کا فیصلہ بھی انتہائی قابل ستایش اقدام ہے۔ عید الفطر کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے ملک میں آباد مسلمانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ مسلمان مسلسل دوسرے برس یہ تہوار کورونا پابندیوں کے سائے میں منائیں گے۔ صدر مائر نے کہا کہ کورونا کی وبا پر قابو پانے کی کوششیں کامیاب ہو رہی ہیں اور مستقبل میں حالات میں واضح بہتری کی قوی امید ہے۔ ملک بھر میں شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کی مہم تیزی سے جاری ہے اور اس کے امید افزا نتائج کو دیکھ کو اندھیرے میں روشنی کی کرن نظر آرہی ہے۔