گاندھی ہاسپٹل میں خصوصی وارڈ کا قیام، ڈاکٹرس کی رخصت منسوخ، 24 گھنٹے طبی خدمات
حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت ایٹالا راجندر نے اعتراف کیا کہ شہر میں وبائی بخار کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر عوام کو خوفزدہ اور پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے وبائی امراض سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی سے متعلق بعض گوشوں کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ جان بوجھ کر حکومت کے خلاف اس طرح کا پرچار کیا جارہا ہے۔ ایٹالا راجندر نے آج گاندھی ہاسپٹل میں وبائی امراض کے خصوصی وارڈ کا آغاز کیا۔ ریاستی وزیر اینمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو کے ہمراہ وزیر صحت نے وارڈ میں مریضوں کے لیے طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وبائی امراض کے لیے 40 بستروں کے ساتھ گاندھی ہاسپٹل میں خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ہے جس میں 20 بستر مرد اور 20 خواتین کے لیے مختص ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے مختلف دواخانوں کا دورہ کرتے ہوئے وہ وبائی امراض کے مریضوں کے علاج کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے گاندھی ہاسپٹل میں مختلف مریضوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض سے بہتر طور پر نمٹنے کے لیے مختلف محکمہ جات میں تال میل پیدا کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت موجودہ صورتحال میں 24 گھنٹے کارکرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء میں ڈینگو سے زائد اموات واقع ہوئی تھیں تاہم موجودہ صورتحال اس قدر سنگین نہیں ہے۔ اگرچہ ڈینگو کے کیسس زیادہ ہیں لیکن اموات کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گاندھی ہاسپٹل میں ڈینگو کے 419 مریض شریک کیے گئے اور ان تمام کا بہتر طور پر علاج جاری ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے وبائی امراض پر قابو پانے کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیدار اور سرکاری دواخانوں کے ڈاکٹرس مستعدی کے ساتھ مریضوں کی خدمات میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی کثرت کو دیکھتے ہوئے خصوصی طور پر ایوننگ کلینکس قائم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ڈاکٹرس کی رخصتیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہاسپٹلس اور لیابس میں موجود خدمات سے استفادہ کریں۔ جب تک عوام کا تعاون حاصل نہیں ہوگا اس وقت تک ڈاکٹرس بھی بہتر طور پر فرائض انجام نہیں دے پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے اطراف و اکناف کے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنا چاہئے تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو۔ وزیر صحت نے بتایا کہ شہر میں سوائن فلو کا ایک کیس منظر عام پر آیا ہے اور حکومت تمام تر احتیاطی اقدامات کررہی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی سے بات کرتے ہوئے تمام پولیس اسٹیشنوں میں ضبط کی گئی گاڑیوں میں پانی جمع ہونے سے روکنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت گزشتہ چار دن سے مسلسل جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے وبائی امراض کی روک تھام کی حکمت عملی تیار کررہا ہے۔ سابق کے مقابلہ میں اس مرتبہ ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد وبائی امراض پر قابو پالیا جائے گا۔ فیور ہاسپٹل میں 51 ہزار افراد کا معائنہ کیا گیا جن میں صرف 62 افراد میں ڈینگو کی علامتیں پائی گئیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں 419 کے ڈینگو ٹیسٹ کیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں تمام سرکاری دواخانوں اور ٹیچنگ ہاسپٹلس میں او پی خدمات میں توسیع کی گئی ہے۔ ڈاکٹرس رخصت اور چھٹی کے بغیر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ روزانہ وزیر صحت کی پیشی میں وبائی امراض کا جائزہ اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ جون سے وبائی امراض پر محکمہ صحت کی مسلسل نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مچھروں کی افزائش کو روکتے ہوئے وبائی امراض پر بآسانی قابو پایا جاسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں عوام میں شعور بیداری کے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ مل کر وبائی امراض کی صورتحال کو بہتر بناسکتی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ وہ حکومت کی سنجیدگی پر غیر ضروری شک و شبہات کا اظہار کررہی ہے۔ خانگی ہاسپٹلس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ شام میں وبائی امراض کے مریضوں سے متعلق رپورٹ متعلقہ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ ا ٓفیسر کو پیش کریں۔ انہوں نے خانگی ہاسپٹلس کو متنبہ کیا کہ وہ عام بخار کو ڈینگو کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے عوام کو دہشت میں مبتلا نہ کریں۔