وبا کے باوجود پوپ فرانسس کی کرسمس تقریب میں شرکت

   

ویٹکن سٹی۔ پوپ فرانسس نے اٹلی میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود کرسمس کی شام ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا میں دو ہزار افراد کے اجتماع ‘کرسمس ایو ماس’ میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ویٹیکن نے اپنے تمام ملازمین کے لئے کووڈ 19 کی ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا تھا۔ تاہم سینٹ پیٹرز چرچ میں ہونے والے مذہبی اجتماع میں شرکت کرنے والوں پر ماسک پہننے کی پابندی کرنا لازمی تھا۔ پوپ فرانسس سسٹین چیپل میں نمودار ہوئے تو گرجا گھر کا کوائرگروپ وہ گیت گا رہا تھا، جو بیت الحم میں عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کی یاد میں گایا جاتا ہے۔ ویٹیکن میں کرسمس کی تقریبات کا آغاز تھا۔ پوپ فرانسس نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یسوع مسیح کے ماننے والوں کو ان کی انکساری کو یاد رکھنا چاہئیے اور یہ بھی کہ وہ دنیا میں آئے تو غربت اور کسمپرسی کی حالت میں۔ پوپ فرانسس نے کہا، خدا کو عاجزی میں تلاش کیجئے۔ یہی یسوع مسیح کا پیغام ہے۔

دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات
نیویارک۔ آج دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات منائی جا رہی ہیں تاہم کووڈ کی وجہ سے ان میں روایتی جوش و جذبہ کم ہے۔ یہ دوسرا سال ہے جب عیسائی برادری کورونا کی عالمی وبا کے سائے تلے کرسمس منا رہی ہے۔ اس دن کی مناسبت سے پوپ فرانسس نے غربت میں گزر بسر کرنے والوں کے ساتھ زیادہ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پاپائے روم نے یہ بیان مسیحی تہوار کرسمس کے موقع پر ویٹیکن میں ایک خصوصی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے وقت دیا، جس میں دو ہزار افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے زندگی میں چھوٹی چھوٹی چیزوں کو اہمیت دینے کا کہا۔