وجئے اُتسوم تقریب میں بڑے پیمانے پر عوام سے شرکت کی اپیل

   

صدر تلنگانہ کانگریس مہیش کمار گوڑ کی پارٹی قائدین کے ساتھ زوم کانفرنس

حیدرآباد۔/8 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کل 9 ڈسمبر کو سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر تلنگانہ تلی مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب میں عوام سے بڑے پیمانے پر شرکت کی اپیل کی
ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کانگریس قائدین کے ساتھ زوم کانفرنس منعقد کرتے ہوئے شہر اور اضلاع سے کثیرتعداد میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ زوم کانفرنس میں ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل، ضلع کانگریس صدور اور کارپوریشنوں کے صدورنشین نے شرکت کی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے تحت پرجا پالنا، وجئے اُتسوم کے تحت کل سکریٹریٹ کے احاطہ میں تلنگانہ تلی مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی جائے گی۔ اس تقریب میں شہر اور اضلاع سے کثیر تعداد میں عوام کی شرکت کے انتظامات کرنے مہیش کمار گوڑ نے عوامی نمائندوں سے اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کی تکمیل پر حکومت کے کارناموں سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے حلقہ جات سے عوام کو جلسہ عام میں شامل کریں۔ وجئے اُتسوم کی اختتامی تقریب 9 ڈسمبر کو شام 4 بجے سکریٹریٹ کے روبرو منعقد ہوگی۔ مجسمہ تلنگانہ تلی کی نقاب کشائی کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کا خطاب ہوگا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تقاریب کے شایان شان انعقاد کیلئے تلنگانہ کانگریس پارٹی کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔1