حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے رکن پارلیمنٹ رگھو رام کرشنا راجو کی جانب سے داخل کردہ درخواست کی نامپلی خصوصی سی بی آئی عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے اس مسئلہ پر سی بی آئی کو جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی کو نوٹس جاری کی گئی ہے۔ سی بی آئی نے جواب داخل کرنے کیلئے عدالت سے مزید مہلت طلب کی ہے۔ فریقین کی سماعت کے بعد خصوصی عدالت کے جج نے آئندہ سماعت 13 اگسٹ تک ملتوی کردی۔ وجئے سائی ریڈی نے ضمانت کی شرائط کی مبینہ طور پر خلاف ورزی کی ہے لہذا ان کی ضمانت کو منسوخ کرنے کیلئے پارٹی کے باغی رکن شیوا رام کرشنا راجو نے درخواست دائر کی ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے بھی رکن پارلیمنٹ نے علحدہ درخواست دائر کی ہے جس کی سماعت جاری ہے۔