وجئے سین ریڈی نے بحیثیت تلنگانہ ہائیکورٹ جج حلف لے لیا

   

حیدرآباد 2 مئی (یواین آئی) بی وجئے سین ریڈی نے تلنگانہ ہائی کورٹ جج کے طورپر حلف لے لیا۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے اس عہدہ کیلئے وجئے سین ریڈی کی تقرری کو منظوری دی تھی جسکے بعد مرکزی حکومت نے حلف برداری تقریب کیلئے اعلامیہ جاری کیا تھا۔وجئے سین ریڈی ایک سینئر ایڈوکیٹ ہیں جنہیں ہائی کورٹ میں مختلف مقدمات کی پیروی کا اعزازحاصل ہے ۔وجئے سین ریڈی، سابق جسٹس مدراس ہائی کورٹ وصدرنشین لوک آیوکت سبھاشن ریڈی کے فرزند ہیں۔آج تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس آرایس چوہان نے ان کو حلف دلایا۔اس پروگرام میں ججس نے حصہ لیا۔وجئے سین ریڈی کے حلف لینے کے بعد تلنگانہ ہائی کورٹ کے ججس کی تعداد بڑھ کر14ہوگئی۔انہوں نے پی پی ایل کالج آف لا سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی۔وجئے سین ریڈی 1994 میں اے پی بار کونسل رکن بنائے گئے تھے ۔ہائی کورٹ میں مختلف معاملات کی پیروی سے پہلے انہوں نے سب آرڈینیٹ کورٹس اور ٹریبونلس میں بھی پریکٹس کی تھی۔