نئی دہلی آمد، امیت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت کا امکان
حیدرآباد۔ بی جے پی میں شمولیت کے بارے میں گذشتہ کئی دنوں سے میڈیا میں آنے والی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کی صدرنشین فلم اسٹار وجئے شانتی نے آخر کار کانگریس پارٹی سے استعفی دے دیا۔ وجئے شانتی جو ان دنوں نئی دہلی میں ہیں کانگریس کی ابتدائی رکنیت سے استعفی پارٹی کو روانہ کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گی۔ 2019 پارلیمنٹ چناؤ کے بعد سے وجئے شانتی نے کانگریس پارٹی کی سرگرمیوں سے عملاً دوری اختیار کرلی تھی۔ انہیں تشہیری کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا گیا تھا تاہم انہیں اس بات کی شکایت تھی کہ ریاستی قیادت ان سے تعاون نہیں کررہی ہے۔ حال ہی میں پارٹی کے انچارج جنرل سکریٹری تلنگانہ مانکیم ٹیگور نے وجئے شانتی کو پارٹی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی لیکن وہ شریک نہیں ہوئیں اور کہا کہ پارٹی ہائی کمان کو انہوں نے اپنی رائے سے واقف کرادیا ہے۔ دوباک اسمبلی کے ضمنی چناؤ میں وجئے شانتی نے انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا۔ پارٹی اور وجئے شانتی کے درمیان بڑھتی دوریوں کے بیچ حال ہی میں مرکزی وزیر کشن ریڈی اور بی جے پی کے ریاستی صدر بی سنجے نے وجئے شانتی سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت کی ترغیب دی۔ بتایا جاتا ہے کہ وجئے شانتی نے پارٹی میں واپسی سے اتفاق کرلیا ہے۔ وہ بی جے پی سے نکل کر ٹی آر ایس میں شامل ہوئی تھیں لیکن بعد میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ حیدرآباد بلدی انتخابات کے دوران وجئے شانتی کی بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات شدت اختیار کرچکی تھیں لیکن انہوں نے انتخابی نتائج کے بعد شمولیت کا فیصلہ کیا۔