وجئے شانتی کو تلنگانہ مہیلا صدر کانگریس مقرر کئے جانے کا امکان

   

خاتون ارکان اسمبلی کی عہدہ کے لیے عدم دلچسپی ، وزارت میں شمولیت کے منتظر
حیدرآباد۔14جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ مہیلا کانگریس کی صدارت رکن قانون ساز کونسل وجئے شانتی کو دی جائے گی!تلنگانہ پردیش کانگریس میں مہیلا کانگریس صدر کے عہدہ پر فائز سنیتا راؤ کی معیاد مکمل ہونے کے بعد پارٹی قیادت کی جانب سے تلنگانہ اسمبلی کے لئے منتخب ہونے والی خاتون اراکین اسمبلی کو اس عہدہ کی ذمہ داری تفویض کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی لیکن ریاستی قیادت کی جانب سے کی جانے والی اس پیشکش کو خاتون اراکین اسمبلی نے مسترد کردیا ہے۔بتایاجاتاہے کہ صدرپردیش کانگریس نے مہیلاکانگریس کی صدارت کسی خاتون رکن اسمبلی کے حوالہ کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے قائدین سے مشاورت کے بعد خاتون اراکین اسمبلی کو اس کی پیشکش کی لیکن 4 خاتون ارکان اسمبلی نے اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے اور اب پارٹی قیادت وجئے شانتی کو اس عہدہ پر فائز کرنے کے سلسلہ میں غور کر رہی ہے۔ تلنگانہ میں 6 خاتون ارکان اسمبلی کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوتے ہوئے ایوان میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں جن میں دو اراکین اسمبلی محترمہ کونڈا سریکھا اور محترمہ انوسویا سیتا اکا کو ریاستی کابینہ میں شامل کیاگیا ہے اور دونوں ریاستی وزراء کے عہدہ پر فائز ہیں اسی لئے 4 خاتون اراکین اسمبلی میں کسی ایک کو کانگریس پارٹی نے اس اہم تنظیمی ذمہ داری کو حوالہ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن تمام خاتون اراکین اسمبلی کی جانب سے انکار کے بعد تلنگانہ مہیلا کانگریس کی صدارت کا عہدہ مخلوعہ ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے محترمہ وجئے شانتی کو جو کہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی واحد خاتون رکن ہیں انہیںتلنگانہ مہیلا کانگریس کے صدر کے عہدہ پر فائز کرنے کی منصوبہ بندی کی جار ہی لیکن یہ بھی کہا جا رہاہے کہ ریاستی کابینہ میں توسیع کے دوران اگر انہیں کابینہ میں شامل کیا جا نا ہے تو انہیں اس عہدہ کی پیشکش نہیں کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ارکان اسمبلی پرنیکا ریڈی ‘ یشسوینی ریڈی ‘ ایم راگامئی اور این پدماوتی ریڈی کو پارٹی نے پیشکش کی ہے لیکن بیشتر تمام خاتون اراکین اسمبلی نے یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا ہے جبکہ ذرائع کا کہناہے کہ سی پرتیکا ریڈی اس عہدہ کی خواہشمندتھیں لیکن وہ اب تک پارٹی قیادت کو واضح طور پر نہیں کہہ رہی ہیں جبکہ این پدماوتی ریڈی بھی ابتداء میں اس عہدہ کو قبول کرنے کے لئے آمادہ تھیں لیکن وہ بھی اب ریاستی کابینہ میں تبدیلی کا انتظار کر رہی ہیں اسی لئے پارٹی محترمہ وجئے شانتی کے نام پر غور کر رہی ہے۔3